سینئر کانگریس رہنما اور کالم نگار انیس درانی کا 75سال کی عمر میں انتقال
سینئر کانگریس رہنما، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق چیئرمین، کانگریس اقلیتی شعبے کے سابق سکریٹری اور معروف کالم نگار انیس درانی
نئی دہلی،21جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سینئر کانگریس رہنما، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق چیئرمین، کانگریس اقلیتی شعبے کے سابق سکریٹری اور معروف کالم نگار انیس درانی کا آج ہفتے کی صبح نوئیڈا کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 75 سال کے تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹیاں ہیں۔سابق رکن پارلیمنٹ، سابق سفیر ہند اور سینئر کانگریس رہنما جناب م۔ افضل نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ انیس درانی کی تدفین بعد نماز مغرب دہلی گیٹ کے قبرستان میں ہوگی۔ ان کا جسد خاکی اسپتال سے پٹودی ہاوس دریا گنج میں واقع م۔ افضل کے گھر لایا جا رہا ہے۔وہاںسے میت مسجد دائی والی تراہا بہرام خان میں لے جائی جائے گی جہاں نماز مغرب کے فوراً بعد نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
دوسری نماز جنازہ دہلی گیٹ قبرستان میں ہوگی۔ م افصل اظہار رنج و غم کرتے ہوئے کہا کہ انیس درانی کا انتقال ان کا ایسا ذاتی خسارہ ہے جو کبھی پر نہیں ہوگا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ انیس درانی کو دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد جمعے کی شام کو نوئیڈا کے جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن حالت میں کوئی سدھار نہیں آیا۔ بالآخر ہفتے کی صبح کو وہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ واضح رہے کہ انیس درانی جناب م۔ افضل کے برادر نسبتی تھے۔ان کے انتقال پرملال پر متعدد شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اظہار تعزیت کرنے والوں میں عمران قدوائی، محمود ضیا، مرزا جاوید، ڈاکٹر فیروز دہلوی، ڈاکٹر اطہر فاروقی، ڈاکٹر شمع افروز زیدی، جلال الدین اسلم، اسد مرزا، محمد ذکیر الدین، حاجی محمد ظہور اٹیچی والے، جاوید قمر، ظفر انور، روف رامش اور سیاست و ادب کی بے شمار شخصیات شامل ہیں۔



