نئی دہلی ، 25 مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے یاسین ملک کو یہ سزا سنائی ہے۔ یاسین ملک کو دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں سزا سنائی گئی۔ ملک کے خلاف مجرمانہ سازش، نقض امن کی خلاف ورزی سمیت کئی دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یاسین ملک نے عدالت کے سامنے الزامات کا اعتراف بھی کیا تھا جس کے بعد ملک کو 19 مئی کو مجرم قرار دیا گیا تھا۔یاسین ملک 1966 میں ایک ایسے گھرانے میں پیدا ہوئے جن کا تعلق اصل میں جنوبی کشمیر کے علاقے کوکرناگ سے تھا لیکن وہ لال چوک کے قریب میسومہ کے علاقے میں رہتے تھے۔
وہ آزاد کشمیر کے وکیل رہے ہیں اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ یاسین ملک نوجوانوں کے پہلے گروپ میں شامل تھا جس نے اصل میں وادی کشمیر میں مسلح عسکریت پسندی کی قیادت کی، تاہم 1991 کے اوائل میں ایک انکاؤنٹر کے بعد اپنی گرفتاری کے بعد ملک نے 1994 میں تشدد ترک کر دیا اور کشمیر کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے پرامن طریقے اپنائے۔یاسین ملک نیم خواندہ شخص ہیں لیکن سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ وہ نوجوانوں کے اس گروپ کا حصہ تھے۔
جو مصر اور مشرق وسطیٰ میں اسلامی تحریکات اور افغان جہاد سے متاثر تھا۔ انہیں 1985 میں ایک احتجاج کی قیادت کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا اور 1986 میں رہائی کے بعد وہ ایک طلبہ گروپ – اسلامک اسٹوڈنٹس لیگ (آئی ایس ایل) کا حصہ بن گئے ۔ آئی ایس ایل نوجوانوں کی ایک اہم تحریک بن گئی اور اس کے ارکان اشفاق مجید وانی، جاوید میر اور عبدالحمید شیخ تھے۔یاسین نے 1987 میں اپنے علیحدگی کے مرحلے کا آغاز کیا جب وہ اشفاق مجید وانی (جے کے ایل ایف کے اصل نظریاتی لیڈر)، حمید شیخ، جاوید میر اور اعجاز ڈار کے ساتھ بدنام زمانہ دھاندلی زدہ انتخابات میں محمد یوسف شاہ سید صلاح الدین کے پولنگ ایجنٹ بنے۔
انتخابات اور مسلم یونائیٹڈ فرنٹ کی شکست کے بعد انہیں اس وقت کی فاروق عبداللہ حکومت نے گرفتار کر لیا،اُنہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور 6 ماہ سے زیادہ جیل میں رکھا گیا۔ ان کی رہائی کے بعد یہ گروپ پاکستان چلاگیا، اور اسلحہ کی تربیت کے بعد جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا مسلح ونگ شروع کرنے کے لیے واپس کشمیر آیا۔ وہ اپنے آپ کو حاجی گروپ کہلاتا تھا۔حاجی گروپ نے مسلح بغاوت شروع کی اور 1991 کے آخر تک تمام حملوں، دھماکوں اور ہلاکتوں کا ذمہ دار تھا، جب پاکستان کی سرپرستی میں حزب المجاہدین وجود میں آئی۔
انہوں نے ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے ساتھ گوریلا جنگ چھیڑی، ہندوستانی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کو اغوا کیا، اور حکومتی اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا۔ مارچ 1990 میں اشفاق وانی بھارتی سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی میں مارا گیا۔ اگست 1990 میں یاسین ملک کو زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ وہ مئی 1994 تک قید رہے، حامد شیخ بھی 1992 میں پکڑا گیا تھا۔
سزا پر فیصلے کے درمیان سری نگر میں یاسین ملک کے گھر کے قریب سنگباری مظاہرین کے ہجوم پرفوجی اہلکار نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے
جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے معاملہ میں سزا یافتہ علیحدگی پسند رہنما یاسین ملک کی سزا پر این آئی اے عدالت میں سماعت جاری تھی کہ سری نگر میں یاسین ملک کے گھر سے کچھ فاصلے پر کچھ لوگ جمع ہو کر سیکورٹی فورسز پرسنگباری شروع کر دی۔ تاہم پتھراؤ کرنے والوں کے اس ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے فوجیوں نے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد یہ ہجوم وہاں سے فرار ہوگیا۔واضح ہو کہ دہلی کی این آئی اے عدالت میں علیحدگی پسند لیڈر اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر یاسین ملک کیخلاف سزا کی سماعت جاری تھی۔ خیال رہے کہ یاسین ملک پر این آئی اے کورٹ کے فیصلے سے قبل بدھ کو سری نگر کے کچھ حصہ بند رہا۔
حکام نے اس بارے میں جانکاری دی۔ حکام نے کہا کہ یاسین ملک پر این آئی اے عدالت میں قصوروار ثابت ہو چکا ہے اور اس نے اپنا تمام الزامات تسلیم کرلئے ہیں ،اب یاسین ملک کے بارے میں آنے والے فیصلے کے لیے میسومہ اور ملحقہ علاقوں میں زیادہ تر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے، جن میں سری نگر کے لال چوک کی کچھ دکانیں بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر کے کچھ علاقوں میں دکانیں بھی بند رہیں، لیکن پبلک ٹرانسپورٹ معمول پر رہا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے شہر میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔
دہلی کی ایک عدالت نے 19 مئی کو کالعدم تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مجرم قرار دیا تھا۔ انہوں نے این آئی اے افسران کو ہدایت دی تھی کہ وہ یاسین ملک پر جرمانہ عائد کرنے کے لیے ان کی مالی حالت کا جائزہ لیں۔ یاسین ملک کی سزا سے قبل ہی جموں و کشمیر میں یاسین ملک کے گھر کے اردگرد سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔



