سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

صحت مند رہیں،شوگر کے مریضوں کیلئے سات بہترین غذائیں

ذیابیطس کی بیماری کے دوران صحت بخش غذاؤں کا انتخاب بہت اہم ہوتا ہے۔

ذیابیطس کی بیماری کے دوران صحت بخش غذاؤں کا انتخاب بہت اہم ہوتا ہے۔کچھ غذائیں بہت زیادہ فائدے مند ہوتی ہیں جو شوگر کو قابو میں رکھنے کے لئے اہم ہوتی ہیں۔اگر آپ ذیابیطس کی بیماری میں مبتلا ہے تو ان غذاؤں کو اپنی زندگی کا لازمی جز بنائیں۔ان غذائیت سے بھرپور چیزوں کا استعمال بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھتا ہے، موٹاپے کو دُور بھگاتا ہے، اور صحت بھی اچھی بناتا ہے۔

بروکلی: بند گوبھی، پھول گوبھی کی طرح بروکلی کی سبزی میں اینٹی اوکسیڈینٹ کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ بروکلی میں وٹامن اے اور وٹامن سی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے اس کے علاوہ یہ فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔ بروکلی ان لوگوں کے لئے نہایت فائدہ بخش ہوتی ہے جو ذیابیطس کے ساتھ ساتھ اپنا وزن بھی کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں۔ ذیابیطس میں کورونری کی بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور یہ سبزی اس بیماری سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔

مچھلی: روزانہ مچھلی کو اپنی غذاؤں میں شامل کرنا آپ کو بہت سے صحت کے مسائل سے بچاتا ہے، خاص طور پر ذیابیطس اور دل کے دورہ سے حفاظت کرتاہے۔ تحقیق کے مطابق اومیگا تھری خون کی سطح کو کنٹرول میں رکھتی ہے اور ذیابیطس میں مضر چکنائیوں سے بچاتی ہے۔ 2010 میں ایموری یونیورسٹی کی رپورٹ کی مطابق جو افراد مچھلی کا تواتر کے ساتھ استعمال کرتے ہیں ان میں تین فیصد دل کا دورہ پڑنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ ہفتے میں دو بار مچھلی کا استعمال انتہائی افادیت بخش ہے۔

زیتون کا تیل: تحقیق کے مطابق زیتون کا تیل ذیا بیطس کے مریضوں کیلئے انتہائی افادیت کا حامل ہے۔ یہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کو پچاس فیصد تک کنٹرول میں رکھتا ہے اور اس میں چکنائی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔ یہ کینسر کی بیماری کے ساتھ سیلز کی حفاظت اور کورونری کی مرض سے محفوظ بناتا ہے۔

پالک: پالک ان چند ہری سبزیوں میں سے ایک ہے جو ذیا بیطس کے خطروں کو کم کرتی ہے۔ برطانیہ میں ہونے والے ایک مطالعہ کے مطابق روزانہ اپنی غذاؤں میں ہری سبزی اور پالک کا استعمال ذیابیطس کے خطروں کو 14 فیصد تک کم کرتا ہے۔ پالک میں وٹامن کے کے ساتھ ساتھ میگنیشئیم، فولیٹ،فوسفورس، پوٹاشئیم اور زنک کی بڑی مقدار بھی پائی جاتی ہے صرف یہ ہی نہیں بلکہ یہ کیلشئیم سے بھی مالا مال ہوتی ہے۔

شکر قندی: ذیا بیطس کے مریضوں کے لئے ویسے تو بہت سی چیزیں فائدہ مند ہیں جن میں سے ایک شکر قندی بھی ہے۔ شکر قندی کا روزمرہ کی غذاؤں میں استعمال شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔ شکر قندی فائبر، وٹامن اے اور سی سے مال مال ہوتا ہے۔ اس کو ابال کر کھانا ہو یا بیکڈ کر کے لیکن جیسے بھی کھائیں، کھائیں ضرور کیونکہ یہ آپ کوذائقے کے ساتھ ساتھ صحت بھی فراہم کرتی ہے۔

دارچینی: دارچینی جسم میں موجود مضر چکنائی کو کم کرتی ہے اور ساتھ ساتھ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے انتہائی فائدے بخش بھی ہے۔ دارچینی میں کرومیم بھی پایا جاتا ہے جو انسولین کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے۔ یہ پولی فینلز کو یکجا کرتا ہے، یہ سیلز کے تمام فری ریڈکلز کو یکجا کر کے ذیابیطس اور کورونری کی بیمارے سے روک تھا م کرتا ہے۔

دلیہ: دلیہ سے دن کا آغاز کرنا یعنی ناشتہ میں دلیہ کا استعمال ذیابیطس کے مریضوں کے لئے انتہائی مفید ہے یہ غذا شوگر لیول کو کنٹرول کرتی ہے۔دلیہ کا استعمال زائد چینی کے بغیر دودھ کے ساتھ کیجیے اور اگر اسے مزید لذیذ بنانا چاہتے ہیں تو کیلے کے کٹے ہوئے ٹکڑے اور بادام کو اس میں شامل کرلیجئے اور صبح کے ناشتے کو ذائقے کے ساتھ ساتھ مفید بھی بنائیں۔ان تمام چیزوں کو اپنی غذاؤں میں شامل کرکے آپ اپنے گلوکوز لیول کو قابو میں رکھ سکتے ہیں۔ ان غذاؤں کے علاوہ مزید مشورہ کے لئے اپنے معالج سے رجوع کیجئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button