سیکس ایک ’خوبصورت شے‘ ہے، پوپ فرانسس کا ’منچلا‘ بیان
اسقاط حمل کے بارے میں مسیحی رہنما کا کہنا تھا کہ پادریوں کو ان خواتین کے لیے مہربان ہونا چاہئے
ویٹی کن سٹی ،6اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا کہنا ہے کہ سیکس ان خوبصورت چیزوں میں سے ایک ہے جو خدا نے انسان کو عطا کیا ہے۔کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے جاری ہونے والی ایک دستاویزی فلم میں سیکس کی خوبیوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے خدا کی طرف سے انسانوں کو عطا کی گئی خوبصورت چیزوں میں سے ایک قرار دیا۔چھیاسی سالہ پوپ نے یہ تبصرہ ڈزنی کی تیار کردہ دستاویزی فلم ’دا پوپ آنسرز‘ میں کیا ہے، جس میں روم میں سن بیس کی دہائی کے اوائل میں دس افراد کے ساتھ ہونے والی ایک میٹنگ کی تصویر کشی کی گئی ہے۔
پوپ فرانسس سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے گئے، جن میں ایل جی بی ٹی کے حقوق، اسقاط حمل، فحش فلموں کی صنعت، سیکس، عقیدہ اور کیتھولک چرچ کے اندر جنسی استحصال شامل ہیں۔انہوں نے دستاویزی فلم میں کہا کہ سیکس ان خوبصورت چیزوں میں سے ایک ہے جو خدا نے انسان کو عطا کی ہے۔انہوں نے مشت زنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو جنسی طور پر ظاہر کرنا غنا یا امیری ہے۔ لہٰذا کوئی بھی چیز جو حقیقی جنسی اظہار سے ہٹ جاتی ہے وہ آ پ کو کمتر کرتی ہے اور اس امیری کو ختم کردیتی ہے۔
پوپ فرانسس سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ نان بائنری شخص non-binary person کیا ہے۔ انہوں نے اس کا جواب اثبات میں دیا۔ انہوں نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کیتھولک چرچ کی طرف سے ایل جی بی ٹی افراد کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد خدا کے بچے ہیں، خدا کسی کو مسترد نہیں کرتا۔ اور مجھے کسی کو چرچ سے نکالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔اسقاط حمل کے بارے میں مسیحی رہنما کا کہنا تھا کہ پادریوں کو ان خواتین کے لیے مہربان ہونا چاہئے جنہوں نے اپنا حمل ساقط کردیا ہے۔



