تلنگانہ کی خبریںسرورق

اردو میڈیم سے شگفتہ فردوس نے تاریخ بنائی، رجسٹرار منتخب

اردو میڈیم طلبہ کے لیے پیغام: زندگی میں بہانے نہیں بنانے چاہیے، محنت اور ارادے سے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

کاغذنگر سے ڈسٹرکٹ رجسٹرار تک شگفتہ فردوس کی شاندار تعلیمی داستان

کاغذ نگر:(ایم اے جمیل کی رپورٹ) کاغذ نگر کی لڑکی اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح پر مثال قائم کی اور 18 واں رینک حاصل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ رجسٹرار کے عہدے پر فائض ہوتے ہوئے تاریخ بنائی، انہوں نے یہ ثابت کر دیا کہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے شادی یا حجاب رکاوٹ نہیں اور اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے بھی بڑے بڑے عہدے پر فائز ہو سکتے ہیں۔

ریاست تلنگانہ کے ضلع آصف آباد کے پسماندہ علاقہ کاغذ نگر سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کانسٹیبل سید حبیب الرحمن نے اپنی اولاد کو بہترین تعلیم دلوا کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کی بڑی بیٹی شگفتہ فردوس نے گروپ I میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ رجسٹرار کے عہدے پر تقرر حاصل کیا۔ دوسری بیٹی تثنیہ فردوس کوٹالہ منڈل میں یونانی ڈاکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں، بیٹے ادیب الرحمن سول انجینئر ہیں جبکہ تیسری بیٹی اسر فردوس کیرا میری منڈل میں گورنمنٹ ایس جی ٹیچر کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ شگفتہ فردوس کی ابتدائی تعلیم کاغذ نگر کے انور اردو ہائی اسکول میں دسویں جماعت تک اردو میڈیم میں مکمل ہوئی، جس کے بعد انہوں نے 2011 تا 2013 بالا بھارتی جونیئر کالج کاغذ نگر سے انٹرمیڈیٹ میں اول درجے کی کامیابی حاصل کی۔

2015 میں ڈی ایڈ میں کامیابی کے بعد گھریلو مصروفیات کے باوجود شگفتہ فردوس نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی سے بی ایس سی میں اول درجے سے کامیابی حاصل کی اور 2018 میں گریجویٹ بن گئیں۔ اس کے بعد والدین نے ان کی شادی حیدرآباد کے سافٹ ویئر انجینئر شیخ پرویز سے کر دی، شوہر کے تعاون سے انہوں نے شادی کے بعد بھی تعلیم جاری رکھی۔ بی ایڈ مکمل کرنے کے بعد 2019 میں ان کا تقرر صنعت نگر، حیدرآباد کے گورنمنٹ اسکول میں ایس جی ٹی ٹیچر کے طور پر ہوا۔

شگفتہ فردوس نے بچپن سے بڑے عہدے پر فائز ہونے کا خواب دیکھا تھا اور اپنی محنت و جستجو سے تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے 2024 میں اسکول اسسٹنٹ کے طور پر ترقی حاصل کی۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت نے گروپ ون کے 563 پوسٹوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ شگفتہ فردوس نے اپنی ڈیوٹی سے تین ماہ کی رخصت لے کر امتحانات کی تیاری شروع کی۔ اپنے شوہر اور دو بچوں، شیخ اہل احمد (پانچ سالہ) اور شیخ اذاں خالد (تین سالہ)، کی پرورش کے ساتھ، انہوں نے اردو میڈیم میں دستیاب مواد کی کمی کے باوجود اپنے استاد کی رہبری میں انگلش مٹیریل کو اردو میں ترجمہ کرتے ہوئے گروپ ون امتحانات کی محنت جاری رکھی۔

دن و رات محنت اور جستجو کے ذریعے شگفتہ فردوس نے اردو میڈیم رہنے کے باوجود مینس امتحان اردو میڈیم میں کامیابی سے پاس کیا اور اردو میڈیم کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک مثال قائم کی۔ ان کا ہال ٹکٹ نمبر 240938010 ہے، اور انہوں نے 900 میں سے 852 نمبر حاصل کر کے تلنگانہ میں 18 واں رینک حاصل کیا۔

شگفتہ فردوس نے اپنی کامیابی پر ردعمل کا اظہار کیا کہ ’ کچھ لوگ کہتے ہیں اردو میڈیم کی تعلیم سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ‘ لیکن میری کامیابی اس سوچ کی نفی کرتی ہے ۔ اردو میڈیم سے بھی تعلیم حاصل کرتے ہوئے ضلعی اور ریاستی سطح کے بڑے بڑے سرکاری عہدے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ شادی اور حجاب ، تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے اگر دل میں لگن اور ارادہ پختہ ہو تو ہر منزل آسان ہوجائے گی ۔

شگفتہ فردوس کا کہنا ہے کہ تعلیم کے آغاز سے پہلے یہ طے کرنا ضروری ہے کہ ہمیں کیا حاصل کرنا ہے۔ ان کے مطابق شادی اور حجاب تعلیم کی رکاوٹ نہیں بن سکتے، کیونکہ انہوں نے دونوں کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے اپنی منزل حاصل کی۔ انہوں نے خصوصی طور پر مسلم لڑکیوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا مشورہ دیا، کیونکہ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے نہ صرف اپنی حفاظت کی جا سکتی ہے بلکہ دوسروں کی جائز مدد بھی کی جا سکتی ہے۔

شگفتہ فردوس کے ڈسٹرکٹ رجسٹر کی حیثیت سے تقرر پر ان کے دسویں جماعت کے انور اردو ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر محمد عارف الدین نے خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو میڈیم تعلیم کے دوران 2010 اور 2011 میں سیاست کوئسچن بینک ان کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوا، جس کی بدولت انہوں نے دسویں جماعت میں اول درجے کی کامیابی حاصل کی۔ شگفتہ فردوس کے اس تقرر پر کاغذ نگر اور اطراف کے اردو میڈیم طلبہ و طالبات کے علاوہ عوام نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور انہیں اور ان کے والد کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

شگفتہ فردوس کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہیکہ اردو میڈیم کی تعلیم ایک کمزوری نہیں بلکہ بہت بڑی طاقت ہے ۔ خواتین شادی اور حجاب کے ساتھ بھی اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکتیں ہیں ۔یہ کہانی صرف شگفتہ فردوس کی نہیں ہے بلکہ ہر اس لڑکی کیلئے پیغام ہے جو یہ سمجھتی ہیں کہ شادی ، حجاب اور گھریلو ذمہ داریاں تعلیم کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں ۔ اگر دل میں اراہ پختہ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے ۔

تازہ ترین خبریں، اپڈیٹس اور دلچسپ معلومات حاصل کریں!

اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ https://chat.whatsapp.com/2N8rKbtx47d44XtQH66jso

متعلقہ خبریں

Back to top button