
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) افسر سمیر وانکھیڑے نے دہلی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں انہوں نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان، ان کی اہلیہ گوری خان کی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ، او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس اور دیگر کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ مقدمہ ویب سیریز "دی بیڈ بوائز آف بالی ووڈ” میں ان کی مبینہ طور پر غلط اور منفی تصویر کشی پر دائر کیا گیا ہے۔ وانکھیڑے نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ سیریز میں پیش کیے گئے مناظر جھوٹے، گمراہ کن اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے ہیں۔
سمیر وانکھیڑے نے عدالت سے دو کروڑ روپے ہرجانے کی مانگ کی ہے، جسے وہ اپنی مرضی سے ٹاٹا میموریل کینسر اسپتال میں عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سیریز نہ صرف ان کی ذاتی ساکھ کو متاثر کرتی ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی ایمانداری پر بھی سوال کھڑے کرتی ہے۔
ان کے مطابق، سیریز کے پہلے ایپیسوڈ میں ایک کردار دکھایا گیا ہے جو براہِ راست ان سے متاثر معلوم ہوتا ہے اور اسے بالی ووڈ پارٹی کے باہر "ڈَرگز استعمال کرنے والوں” کو پکڑتے ہوئے پیش کیا گیا ہے۔ مزید برآں، ایک سین میں کردار کو "ستیہ میو جیتے” کا نعرہ لگاتے ہوئے درمیانی انگلی دکھاتے ہوئے پیش کیا گیا ہے، جو قومی وقار کے لیے توہین آمیز قرار دیا جا رہا ہے۔
سمیر وانکھیڑے نے دعویٰ کیا ہے کہ سیریز جان بوجھ کر ان کی کردار کشی کے لیے بنائی گئی اور یہ کہ جب ان کا اور آرین خان کا معاملہ عدالتوں میں زیر سماعت ہے، اس وقت ایسا مواد نشر کرنا ان کے قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نیٹ فلکس اور ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کو فوری طور پر سیریز کے متنازعہ مناظر ہٹانے کا حکم دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سیریز اطلاعاتی ٹیکنالوجی ایکٹ اور بھارتیا نیائے سنہیتا (BNS) کی کئی دفعات کی بھی خلاف ورزی کرتی ہے۔