شاہجہاں پور ، 16اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بی جے پی کے ایک رہنما کی شکایت پر پولیس نے عصمت دری کے مجرم آسارام کی پوجا کر رہے اس کے پیروکاروں میں سے 5 کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ’پوجا اور آرتی ‘ کی تقریب بھی بند کروادی ۔
سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کمار نے ہفتہ کو بتایا کہ عصمت دری کے الزام میں جیل میں بند آسا رام کے بھکت دسہرہ کے موقع پر تھانہ کانٹھ قصبے میں جمعہ کی شام پنڈال لگا کر آسارام کی پوجا کے بعد عصمت دری کے ملزم آسا رام کی ’آرتی‘ کر رہے تھے۔
دریں اثناء بی جے پی لیڈر سنتوش دکشت جو اطلاع ملنے پر وہاں پہنچے تھے، نے پروگرام روکنے کو کہا۔انہوں نے بتایا کہ جب آسا رام کے بھکت راضی نہ ہوئے تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی ، جس کے بعد پولیس نے پہنچ کر پروگرام کو بند کروا دیا اور سربارہ منتظمین راجکمار ، راکیش ، سنیل ، چندن داس اور دکشا مونی کے علاوہ کچھ نامعلوم ’بھکتوں‘ کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ تہوارکے پیش نظر ضلع میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ اس صورتحال میں کسی بھی تقریب کے انعقاد سے قبل انتظامیہ سے اجازت ضروری ہے ،لیکن آسارام کے بھکت بغیر اجازت حاصل کئے پروگرام کا انعقاد کر رہے تھے۔ خیال رہے کہ شاہجہان پور کی ایک لڑکی کو آسارام نے 15 اگست 2013 کو جودھپور میں واقع آشرم میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، یہ لڑکی آسارام کے آشرم میں رہتی تھی، اس واقعہ کے بعد مجرم پائے جانے پر آسارام کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا،تاحال وہ ا بھی جیل کی ہوا کھا رہا ہے ۔



