
آئی پی ایل 2021 کا پورا سیزن کھیلیں گے شکیب الحسن

ڈھاکہ: (اردودنیا.اِن)بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے انڈین پریمیر لیگ کے 14 ویں سیزن میں شرکت کے لئے سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دراصل شکیب آئی پی ایل 2021 کا پورا سیزن کھیلنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے اس نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے واپس لیا نام
اس کی تصدیق کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین اکرم خان نے کہا ہے کہ بورڈ نے شکیب کی رخصت کو منظوری دے دی ہے۔اکرم نے کہا کہ شکیب نے حال ہی میں ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے آئی پی ایل میں کھیلنے کے لئے سری لنکا کے دورے سے دستبردار ہونے کو کہا تھا۔
ہم اسے اس کی اجازت دے رہے ہیں کیونکہ اگر کوئی کھلاڑی قومی ٹیم کے لئے ٹیسٹ کھیلنا نہیںچاہتا ہے تو اس پر دبائو ڈالنے کا کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل 2021 کی نیلامی میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے شکیب الحسن کو 3.20 کروڑ میں خریدا ہے۔



