قومی خبریں

یوپی کے سہارنپور میں شرمناک واقعہ: کھلاڑیوں کو بیت الخلا میں رکھا ہوا کھانا دیا گیا، کھیل افسر معطل

سہارنپور، 20ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے سہارنپور میں نوجوان کھلاڑیوں کو بیت الخلا میں رکھے کھانا کو کھلائے جانے کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔ اس واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ضلع اسپورٹس آفیسر انیمیش سکسینہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری کھیل نونیت سہگل نے انیمیش سکسینہ کو فوری اثر سے معطل کرنے کی ہدایت دی۔ریاستی حکومت نے اے ڈی ایم فنانس اینڈ ریونیو رجنیش کمار مشرا کو واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کھلاڑیوں نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انہیں آدھا پکا ہوا کھانا دیا گیا تھا اور اس کھانے کو جگہ کی کمی کے باعث ٹوئلٹ میں رکھا گیا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس نے اس واقعہ پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے جواب طلب کیا ہے۔خیال رہے کہ تین روزہ سب جونیئر گرلز کبڈی مقابلے کے پہلے دن 16 ستمبر کو کھلاڑیوں کو دوپہر کے کھانے میں آدھے پکے ہوئے چاول پیش کیے گئے، جب کھلاڑیوں نے کم پکے ہوئے چاولوں کی شکایت کی تو باورچی نے چاول کی پلیٹ اٹھا کر بیت الخلا کے اندر رکھ دی۔ وہیں پوریوں کو کاغذ بچھا کر بیت الخلا کے اندر رکھی گئی تھی۔ بہت سے کھلاڑیوں نے ان پوریوں کو کھانے سے انکار کر دیا اور دوپہر کے کھانے میں صرف سبزیاں اور سلاد ہی لیں۔

کھلاڑیوں کا کھانا ٹوائلٹ میں رکھنے کا معاملہ، وزرات کھیل نے دیا کارروائی کا حکم

کھلاڑیوں کو دیئے جانے والے چاولوں سے بھرا برتن سہارنپور کے اتر پردیش کے اسپورٹس اسٹیڈیم کے ٹوائلٹ میں رکھا گیا تھا۔اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے سخت کارروائی کرنے کا حکم دے ڈالا ہے۔وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ میں نے ملزم ٹھیکیدار اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دی ہیں، میں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ٹھیکیدار کو مستقبل کے لیے بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے۔ خیال رہے کہ سہارنپور ضلع میں جمعہ (16 ستمبر) سے شروع ہونے والے تین روزہ ریاستی سطح کے انڈر 17 گرلز کبڈی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تقریباً 200 کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر بیت الخلا میں رکھے گئے چاول کھانے کے لیے پیش کیے گئے تھے۔

سہارنپور کے اسپورٹس آفیسر انیمیش سکسینہ نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کھلاڑیوں کو جو کھانا پیش کیا جاتا ہے وہ بہترمعیار کا ہے۔ سوئمنگ پول کے قریب اینٹوں کا چولہا روایتی انداز میں بنایا گیا ہے اور ان پر بڑے برتنوں میں چاول، دالیں اور سبزیاں پکائی جاتی ہیں۔اسی دوران کیمپ کے ایک کھلاڑی نے بتایا کہ دیگ سے پکے ہوئے چاول کو ایک بڑی پلیٹ میں نکال کر بیت الخلا کے فرش پر رکھ دیا گیا، چاول کی پلیٹ کے قریب کاغذ کے ٹکڑے پر پوری رکھی گئی تھی۔ پھر وہی چاول دوپہر کے کھانے میں کھلاڑیوں کو پیش کیے گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button