شرد پوار کے پوتے کو بڑی راحت،کوآپریٹو بینک گھوٹالہ کیس میں ضمانت منظور
عدالت نے کہا کہ روہت پوار کو سماعت کے دوران لازمی طور پر موجود رہنا ہوگا۔
ممبئی، 22 اگست (اردودنیا.اِن/ایجنسیز):ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے شرد پوار کے پوتے اور این سی پی (ایس پی) کے ایم ایل اے روہت پوار کو مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو بینک (ایم ایس سی بی) گھوٹالے میں بڑی راحت دیتے ہوئے ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے کہا کہ روہت پوار کو سماعت کے دوران لازمی طور پر موجود رہنا ہوگا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اس کیس میں روہت پوار اور ان کی کمپنی بارامتی ایگرو کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی، لیکن تحقیقات کے دوران انہیں کبھی گرفتار نہیں کیا گیا۔
خصوصی جج ایس۔ آر۔ نوندر نے کہا کہ ممبئی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (EOW) پہلے ہی اس کیس میں کلوزر رپورٹ داخل کر چکی ہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ اگر اصل مقدمہ ہی ختم ہو جاتا ہے تو پھر ای ڈی کا کیس بھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔
ای ڈی نے کلوزر رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مداخلت کی اجازت مانگی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر سنیل گونسالویس نے کہا کہ اگر مداخلت کی اجازت نہ دی گئی تو ان کے پاس کلوزر رپورٹ کی کاپی تک نہیں ہوگی، جس کی بنا پر وہ رپورٹ کی مخالفت نہیں کر سکیں گے۔ تاہم، عدالت نے ای ڈی کی عرضی کو خارج کر دیا۔
جج نے واضح کیا کہ ای ڈی پہلے ہی اسی نوعیت کے خارج کیے گئے معاملے کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کر چکی ہے، اس لیے اب انہیں وہیں اپنا مقدمہ پیش کرنا چاہیے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں ای ڈی کے لیے دروازہ بند ہو چکا ہے۔عدالت 18 ستمبر سے EOW کی کلوزر رپورٹ پر سماعت شروع کرے گی۔



