بین ریاستی خبریں

شرد پوار نے زیڈ پلس سیکورٹی لینے سے کیا انکار

پوار نے سی آر پی ایف افسران کو واپس کردیا۔

ممبئی، 30اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے سربراہ شرد پوار نے زیڈ پلس سیکورٹی لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پوار نے سی آر پی ایف افسران کو واپس کردیا۔ پوار نے دہلی میں اپنے گھر کے اندر اضافی سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کرنے، شہر میں سفر کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی گاڑی کو تبدیل کرنے اور دو سیکورٹی اہلکاروں کو اپنی گاڑی کے اندر لے جانے کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔تاہم شرد پوار نے حفاظتی اقدامات کے تحت دہلی میں اپنے گھر کی چاردیواری کی اونچائی بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پوار نے جمعہ کو سیکورٹی ایجنسیوں – سی آر پی ایف اور دہلی پولیس کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں دہلی فائر سروس، سنٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ، نئی دہلی میونسپل کونسل اور مرکزی وزارت داخلہ کے نمائندے شامل تھے۔

سرکاری ذرائع نے 21 اگست کو خبر رساں ایجنسی کو بتایا تھا کہ مرکز نے شرد پوار کو زیڈ پلس سیکورٹی دی ہے۔سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 55 مسلح اہلکاروں کی ٹیم کو پوار کے زیڈ پلس سیکورٹی کور کے حصے کے طور پر رکھا گیا تھا۔ یہ قدم ان کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ مرکز سے سیکورٹی ملنے کے بعد شرد پوار نے 23 اگست کو جاسوسی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا، وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے مجھے بتایا کہ حکومت نے تین لوگوں کو زیڈ پلس سیکورٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور میں ان میں سے ایک ہوں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ انتخابات قریب آ رہے ہیں، اس لیے یہ میرے بارے میں مستند معلومات حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہو سکتا ہے، آپ کو بتا دیں کہ اس سال مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button