قومی خبریں

شرد یادو کی آخری رسومات ایم پی واقع ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائیں گی

صدرجمہوریہ ، وزیر اعظم سمیت متعدد لیڈران نے کیا تعزیت کا اظہار

بھوپال، 13جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سابق مرکزی وزیر اور سینئر سماجوادی لیڈر شرد یادو کی آخری رسومات ہفتہ یعنی آج مدھیہ پردیش کے نرمداپورم (ہوشنگ آباد) ضلع میں ان کے آبائی گاؤں آنکھماؤ میں ادا کی جائیں گی۔خاندانی ذرائع کے مطابق مسٹر یادو کے جسد خاکی کو آج دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر درشن کے لیے رکھا گیا ہے۔ ان کا کل رات قومی دارالحکومت علاقہ کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ امکان ہے کہ ان کے جسد خاکی کو آج رات یا کل صبح ایک خصوصی طیارے کے ذریعے بھوپال لایا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں سڑک کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں آنکھماؤ لے جایا جائے گا اور دن کے وقت ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔مسٹر شرد یادو یکم جولائی 1947 کو ہوشنگ آباد (موجودہ ضلع نرمداپورم) کے بابئی میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے جبل پور کو اپنے کام کی جگہ بنایا اور وہیں گورنمنٹ انجینئرنگ کالج سے انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔

وہ پہلی بار 1974 میں جبل پور سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ بعد میں وہ اتر پردیش اور بہار کی سیاست میں سرگرم ہو گئے اور جے پرکاش تحریک کے دوران سیاست میں ان کی سرگرمی بڑھتی گئی۔ اس کے بعد وہ انہی ریاستوں سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور پچھلی مرکزی حکومتوں میں بھی کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ جنتا دل (یو) کے صدر اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے کنوینر جیسے عہدوں پر بھی فائز رہے۔مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی لیڈروں، کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ، دگ وجے سنگھ، ارون یادو، سریش پچوری، ریاستی کانگریس میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے صدر کے کے مشرا، سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور جبل پور کے رہائشی گووند یادو سمیت کئی سیاست دانوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


سابق مرکزی وزیر شرد یادو کا انتقال،صدرجمہوریہ ، وزیر اعظم سمیت متعدد لیڈران نے کیا تعزیت کا اظہار

سابق مرکزی وزیر اور جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی سمیت متعدد لیڈران نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ شرد یادو کے انتقال سے بہت دکھ ہوا۔ اپنی طویل سیاسی زندگی میں انہوں نے رکن پارلیمنٹ اور وزیر کے طور پر مقبولیت حاصل کی۔ وہ ڈاکٹر لوہیا کی اقدار سے کافی متاثر تھے۔ میں ہمیشہ ہماری بات چت کو یاد رکھونگا۔ ان کے خاندان اور پرستاروں کے تئیں تعزیت۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر شرد یادو کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ جمہوری اقدار کے لئے جدوجہد کرنے والے 70 کے عشرے کے لیڈر شرد یادو پارلیمنٹ میں محروموں کی ایک اہم قومی آواز تھے۔

ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے تئیں میری دلی تعزیت۔راہل گاندھی نے شرد یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ شرد یادو سماجواد کے لیڈر ہونے کے ساتھ ایک نرم دل انسان تھے۔میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ان کے غمزدہ اہل خانہ سے میں گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ملک کے لئے ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔لالو پرساد یادو نے سنگاپور کے اسپتال سے ویڈیو پیغام کے ذریعے شرد یادو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ لالو یادو نے کہا کہ بڑے بھائی شرد یادو کے انتقال کی خبر سن کر میں بہت پریشان ہوں۔ میں بہت دکھی ہوں اور بہت صدمہ پہنچا ہے۔

شرد یادو، ملائم سنگھ یادو، نتیش کمار اور میں، دیگر لیڈروں کے ساتھ عوامی لیڈر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اور کرپوری ٹھاکر کی صحبت میں سیاست کرتے رہے ہیں۔ آج ان کی اچانک رخصتی سے مجھے بہت صدمہ پہنچا۔ وہ ایک عظیم سوشلسٹ رہنما تھے۔ وہ صاف گو تھے۔ان سے میں کبھی کبھی لڑ بھی لیتا تھا۔ اختلاف تو ہوتے تھے لیکن کبھی دلوں میں فرق نہیں آتا تھا۔ وہ اب ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔ سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت پیش ہے۔آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کیا کہ میں منڈل کے مسیحا، عظیم سوشلسٹ لیڈر اور میرے سرپرست شرد یادو کے ناگہانی انتقال کی خبر سے غمزدہ ہوں اور کچھ کہنے سے قاصر ہوں۔ والدہ اور بھائی شانتنو سے بات چیت ہوئی۔ دکھ کی اس گھڑی میں پورا سماج وادی خاندان اہل خانہ کے ساتھ ہے۔

وہیں بہار کے لیڈر پپو یادو نے ٹوئٹ کیا کہ ملک کے ایک تجربہ کار سیاست دان، سوشلزم شرد یادو کے انتقال کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا ہے۔ اگرچہ سیاست میں اختلاف تھا لیکن ان کے ساتھ ہمیشہ پیار کا رشتہ رہا۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔خیال رہے کہ شرد یادو نے 75 سال کی عمر میں گروگرام کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے داماد راج کمل راؤ نے بتایا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ انہیں گردے کی تکلیف تھی اور وہ ڈائیلاسس پر تھے۔ ان کا جسد خادی مدھیہ پردیش میں ان کے آبائی گاؤں لے جایا جائے گا، جہاں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔شرد یادو کا طویل سیاسی کیریئر رہا ہے۔ وہ بہار کی مدھے پورہ سیٹ سے چار بار ایم پی رہ چکے ہیں۔ وہ مرکز میں وزیر کے ساتھ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے صدر بھی تھے۔

شرد یادو کے انتقال پر کانگریس کے مختلف لیڈروں نے پیش کی تعزیت

مشہور سوشلسٹ لیڈر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو کا گزشتہ روز انتقال ہو گیا۔ کانگریس پارٹی کے تمام لیڈران نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ملک کے سوشلسٹ اور سینئر لیڈر، جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو کے انتقال سے دکھی ہوں۔ ایک سابق مرکزی وزیر اور دہائیوں تک بہترین رکن پارلیمنٹ کے طور پر ملک کی خدمت کر کے انہوں نے مساوات کی سیاست کو مضبوط کیا۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے میری گہری تعزیت۔راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیاکہ شرد یاد سماجواد کے پیروکار ہونے کے ساتھ ایک نرم دل شخص تھے۔ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ میں ان کے غمزدہ اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ملک کے لئے ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ سینئر سماجوادی لیڈر شرد یادو کے انتقال کی تکلیف دہ خبر موصول ہوئی۔

شرد یادو ہمیشہ نظریات کی سیاست کے ساتھ کھڑے رہے اور انہوں نے ہمیشہ ہماری رہنمائی کی۔ ان کے انتقال سے ہندوستانی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ خدا ان کی روح کو اپنے قدموں میں مقام دے۔ سبھاشنی یادو اور ان کے دیگر اہل خانہ کے تئیں میری تعزیت۔کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ جے ڈی یو کے سابق صدر، سابق مرکزی وزیر اور سینئر سماجوادی لیڈر شرد یادو کا انتقال ہندوستانی سیاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔خدا انہیں اپنے مبارک قدموں میں مقام دے اور ان کے اہلہ خانہ اور حامیوں کو اس غم کو برداشت کرنے کی قوت عطا کرے۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ سمیت کئی لیڈروں نے مدھیہ پردیش میں پیدا ہونے والے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سابق صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کمل ناتھ نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ سوشلسٹ تحریک کے رہنما، سابق مرکزی وزیر اور عوامی زندگی میں میرے ساتھی شرد یادو کا انتقال سماجی انصاف کی جنگ میں ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔وہ ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ بھگوان ان کی روح کو اپنے پاک قدموں میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔

سابق وزیر اعلیٰ سنگھ نے ٹویٹ کرکے یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مضبوط سماجوادی لیڈر شرد یادو کی موت کی خبر بہت دکھ اور تکلیف دہ ہے۔ وہ ایک حساس عوامی رہنما اور نیک دل انسان تھے۔ ان کی ساری زندگی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے گزری۔ میں دکھ کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ بھگوان ان کی روح کو سکون دے۔ عاجزانہ خراج عقیدت پیش ہے۔

سابق مرکزی وزیر ارون یادو نے ٹویٹ کیا کہ جنتا دل یونائیٹڈ کے سابق صدر، پوجیہ بابوجی کے ساتھی شرد یادو کے انتقال کی خبر افسوسناک اور تکلیف دہ ہے، بھگوان مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button