قومی خبریں

ششی تھرور نے ویر ساورکر ایوارڈ مسترد کر دیا، منتظمین کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا

’نہ علم تھا، نہ قبول کیا‘ - ششی تھرور کا ’ویر ساورکر ایوارڈ‘ پر دو ٹوک بیان

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بدھ کے روز ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں ’ویر ساورکر ایوارڈ‘ کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں تھی اور نہ ہی انہوں نے اسے قبول کیا ہے۔ تھرور کا کہنا تھا کہ وہ منگل کو کیرالہ میں تھے، جہاں میڈیا کے سوالات کے ذریعے انہیں پہلی بار اس ایوارڈ کا علم ہوا۔

تھرور کے مطابق، یہ ایوارڈ نہ تو ان کے علم میں تھا اور نہ ہی انہوں نے اسے قبول کرنے پر کبھی آمادگی ظاہر کی، اس لیے دہلی میں تقریب میں شرکت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے ذریعے پتہ چلا کہ انہیں اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جو ان کے بقول منتظمین کی "غیر ذمہ داری” ہے۔

اپنی ایک پوسٹ میں تھرور نے لکھا، ’’تھرواننت پورم میں میڈیا کے سوالات پر میں نے واضح کیا تھا کہ نہ مجھے اس ایوارڈ کا علم ہے، نہ میں نے اسے قبول کیا ہے۔ بغیر میری رضامندی کے میرا نام اعلان کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں، لیکن دہلی میں بھی کچھ میڈیا ادارے اس بارے میں سوالات کر رہے ہیں، جس پر وہ دوبارہ یہ بیان جاری کرنے پر مجبور ہوئے تاکہ بات "دو ٹوک انداز میں” واضح ہو جائے۔ ان کے مطابق ایوارڈ کی نوعیت، منتظمین اور دیگر تفصیلات کے بغیر اس تقریب میں شرکت یا ایوارڈ قبول کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔میڈیا سے گفتگو میں تھرور نے کہا، ’’مجھے کچھ نہیں مل رہا۔ میں نے اس کے بارے میں کل ہی سنا تھا اور میں کہیں نہیں جا رہا۔‘

تھروَر کے بیان کے بعد ایچ آر ڈی ایس انڈیا (HRDS) کے سیکریٹری اجی کرشنن نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ کانگریس ایم پی کو اس ایوارڈ کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ تنظیم کے نمائندوں اور ایوارڈ جیوری کے چیئرمین نے تھرور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور انہیں باضابطہ دعوت بھی دی تھی۔ کرشنن کا کہنا تھا کہ تھرور نے دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست بھی مانگی تھی، ’’جو ہم نے انہیں فراہم کر دی۔ انہوں نے ابھی تک ہمیں یہ نہیں بتایا کہ وہ تقریب میں نہیں آئیں گے۔ شاید وہ ڈر گئے ہیں کیونکہ کانگریس نے اس معاملے کو ایشو بنا دیا ہے۔‘‘

قبل ازیں، کانگریس کے رہنما کے مرلی دھرن نے تریواننت پورم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کا کوئی بھی رکن، بشمول ششی تھرور، ویر ساورکر کے نام پر کوئی ایوارڈ قبول نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ’’ساورکر نے برطانوی حکومت کے سامنے سر جھکایا تھا۔‘‘ مرلی دھرن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تھرور ایسا اعزاز قبول نہیں کریں گے کیونکہ اس سے کانگریس کے لیے شرمندگی اور توہین کا باعث بنے گا۔

’ویر ساورکر ایوارڈ‘ کیا ہے؟

خبر رساں ایجنسی کے مطابق Veer Savarkar International Impact Award 2025 کی تقریب نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ یہ پروگرام این ڈی ایم سی کنونشن ہال میں ہوگا، جہاں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ تقریب کا افتتاح کریں گے جبکہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی شریک ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button