قومی خبریں

ہر تقریب میں مکمل وندے ماترم پیش کرنا غیر ضروری، ششی تھرور

سرکاری تقریبات میں مکمل وندے ماترم کیوں؟ ششی تھرور نے اٹھایا سوال

ترواننت پورم 02 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے سرکاری تقریبات میں وندے ماترم کے تمام پانچ بند پیش کرنے کی لازمی روایت پر اعتراض کرتے ہوئے اسے غیر ضروری قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وندے ماترم کا احترام سب کرتے ہیں، لیکن ہر تقریب کے آغاز اور اختتام پر مکمل وندے ماترم پیش کرنے کی شرط سامعین کے لیے بوجھ بن سکتی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں عموماً وندے ماترم کا ابتدائی حصہ تقریب کے آغاز میں پیش کیا جاتا تھا، جبکہ قومی ترانہ الگ موقع پر، عموماً تقریب کے اختتام پر بجایا جاتا تھا۔ ان کے مطابق اب بعض مواقع پر وندے ماترم کے تمام پانچ بند تقریب کے آغاز اور اختتام دونوں مواقع پر پیش کرنے پر زور دیا جا رہا ہے، جس کی کوئی واضح قانونی بنیاد موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیرالہ حکومت کے مطابق مکمل وندے ماترم پیش کرنا اختیاری ہے، جبکہ ریاست کے گورنر راجیندر وشوناتھ آرلیکر کا مؤقف مختلف معلوم ہوتا ہے۔ تھرور کے مطابق یہ معاملہ قانون سے زیادہ روایت اور رواج سے متعلق ہے۔

کانگریس رہنما نے واضح کیا کہ انہیں وندے ماترم پر کوئی اعتراض نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وندے ماترم کے ابتدائی ایک یا دو بند ہی وہ حصہ ہیں جن سے زیادہ تر لوگ واقف ہیں اور یہی حصہ برسوں سے عوامی تقریبات میں پیش کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے اس تنازع کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر، نائب صدر یا وزیر اعظم کی موجودگی میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات میں مکمل وندے ماترم ایک مرتبہ پیش کیا جا سکتا ہے، لیکن مختصر پروگراموں میں اسے دو مرتبہ پیش کرنے کی منطق سمجھ میں نہیں آتی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button