سرورققومی خبریں
شینا بورا قتل کیس: اندرانی مکھرجی کی ضمانت کی درخواست پر سی بی آئی کو سپریم کورٹ کا نوٹس
نئی دہلی،18؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شینا بورا قتل کیس میں اندرانی مکھرجی کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کیا ہے۔ اندرانی مکھرجی کے لیے مکل روہتگی نے کہا کہ اندرانی 6.5 سال سے جیل میں ہے۔ آئندہ 10 سال میں بھی ٹرائل ختم نہیں ہو گا، 185 گواہوں کے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں۔
گزشتہ 1.5 سالوں میں کسی گواہ سے جرح نہیں کی گئی۔ اس کا شوہر ضمانت پر رہا ہے۔ اندرانی مکھرجی بھی ذہنی بیماری میں مبتلا ہیں۔ شینا بورا قتل کیس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی عدالتی حراست میں رہنے والی اندرانی مکھرجی نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی ہے۔
اس سے قبل اندرانی مکھرجی کو بامبے ہائی کورٹ سے ضمانت نہیں مل سکی تھی۔واضح رہے کہ اندرانی مکھرجی اگست 2015 میں گرفتاری کے بعد سے ممبئی کی بائیکلہ خواتین کی جیل میں بند ہیں۔ اس سے قبل سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے کئی بار اندرانی کو ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا۔
سی بی آئی 2012 سے اس کیس کی جانچ کر رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اندرانی مکھرجی پر اپنی بیٹی شینا بورا کے قتل کا الزام ہے۔مکھرجی پر 24 اپریل 2012 کو اپنی بیٹی شینا کے قتل کا مقدمہ چل رہا ہے۔
اسے کھار پولیس نے 25 اگست 2015 کو گرفتار کیا تھا اور ستمبر 2015 سے بائیکلہ جیل میں بند ہیں۔ اندرانی پر الزام تھا کہ اس نے اپنی بیٹی شینا کو ممبئی کے باندرہ میں گلا دبا کر قتل کیا اور لاش کو رائے گڑھ ضلع میں دفن کر دیا۔
تحقیقاتی ایجنسیوں نے دعویٰ کیا کہ شینا بورا کی باقیات بھی ملی ہیں۔دعوے کے مطابق اندرانی اور شیناکے درمیان تعلقات اچھے نہیں تھے، شینا بورا اندرانی کے پہلے شوہر کی اولاد تھی۔ اندرانی شینا کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا۔
اندرانی نے اپنے ڈرائیور کے ساتھ مل کر شینا کے قتل کی سازش کی تھی۔ 2 مئی 2012 کو اندرانی نے شینا کو باندرہ میں ملنے کے لیے بلایا۔ پھر اسے گاڑی میں بٹھایا۔ کار میں ڈرائیور شیام رائے کے علاوہ ایک اور شخص بھی تھا۔ اس کے بعد شینا کو کار میں ہی گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔
اندرانی نے ڈرائیور منوہر رائے کو لاش کو ٹھکانے لگانے کو کہا۔ ڈرائیور رائے لاش کو ممبئی سے 100 کلومیٹر دور رائے گڑھ کے جنگل میں لے گیا۔ پہلے تو اس نے جلانے کی کوشش کی لیکن بعد میں اسے دفن کر دیا۔ اس معاملے میں پولیس نے اندرانی کے شوہر پیٹر مکھرجی اور بیٹے راہل سے بھی پوچھ گچھ کی۔
بعد میں پیٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔ پیٹر مکھرجی ہندوستانی ٹی وی انڈسٹری کا ایک معروف نام ہے۔ پیٹر نے 2002 میں اندرانی سے شادی کی ۔ یہ پیٹر کی دوسری شادی تھی۔ اندرانی کے سابق شوہر سنجیو کھنہ کو بھی کولکاتہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔



