بین الاقوامی خبریں

  شام : شمالی شہرعفرین میں اسپتال پرتوپ خانہ سے حملہ، 16 افراد ہلاک

 دمشق ؍بیروت: (اردودنیا/ایجنسیاں)شام کے شمالی شہرعفرین میں توپ خانے سے دوحملوں میں 16افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔مقامی شہری دفاع کے حکام کے مطابق پہلے حملے میں عفرین کے اقامتی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے اور دوسرے حملے میں ایک اسپتال پر گولے داغے گئے ہیں۔مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں عفریں میں واقع الشفا اسپتال کی گولہ باری سے متاثرہ عمارت دیکھی جاسکتی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق الشفا اسپتال کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی کرد ملیشیا وائی پی جی نے عمارت پر ایک میزائل سے حملہ کیا ہے۔اس کے ردعمل میں ترک فوج نے توپ خانے سے معرۃ النعمان شہر کے نزدیک واقعے دیہی علاقے میں کردملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔
عفرین پر ترکی کی حمایت یافتہ فورسز کا کنٹرول ہے۔ترکی ماضی میں وائی پی جی پر شہریوں پر حملوں کا الزام عائد کرتا رہا ہے جبکہ اس کرد ملیشیا کا کہناہے کہ وہ شہریوں پر اس طرح کے حملے نہیں کرتی ہے۔ ترک حکومت وائی پی جی کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دیتی ہیاور اس کو ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خلاف جنگ آزما کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کی اتحادی قراردیتی ہے۔
ترک فوج نے شام کے سرحدی علاقے سے کرد ملیشیا کو پیچھے دھکیلنے کے لیے گذشتہ تین برسوں میں دو بڑی کارروائیاں کی ہیں۔ترک فوج اور اس کے اتحادی شامی باغی گروپوں نے مارچ 2018میں ایک بڑی فوجی کارروائی کے بعد عفرین پر قبضہ کر لیا تھا۔عفرین اور اس کے نواحی علاقوں میں زیادہ تر کردنسل کے لوگ آباد ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button