شیوسینا لیڈر کا کجریوال پرحملہ،کورونا کی صورتحال بے قابو،وزیراعلیٰ الیکشن میں مصروف
ممبئی 16جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گوا اسمبلی انتخابات میں شیوسینا اور این سی پی کے ساتھ مل کر لڑنے کی خبر ہے۔ معلومات کے مطابق 18 تاریخ کو سیٹ شیئرنگ پر بات ہوگی۔ گوا میں شیوسینا 10 سے 15 سیٹوں پرالیکشن لڑ سکتی ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل 18 جنوری کو گوا میں سیٹ شیئرنگ پر بات کریں گے، جس کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ کون کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے گا۔
ساتھ ہی گوا میں کانگریس کے اکیلے الیکشن لڑنے کی اطلاع مل رہی ہے۔ دوسری طرف شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے ٹی ایم سی اور آدمی پارٹی پر بڑا حملہ کیاہے۔ ٹی ایم سی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ گوا میں ٹی ایم سی اپنے آپ میں وزیر اعلیٰ بن گئی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ مہاراشٹر میں تین پارٹیوں کی حکومت ہے۔
سنجے راوت نے کہاہے کہ مہاراشٹر میں ہم این سی پی اور کانگریس کے ساتھ حکومت میں ہیں، لیکن اگر گوا میں اب کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ نہیں کی گئی تو ان کی بھی کچھ مجبوریاں ہوں گی اور ہماری بھی کچھ مجبوریاں ہوں گی۔ راوت نے مزیدکہاہے کہ ہمارے امیدواروں کی فہرست تیارہے۔
ہم الیکشن لڑیں گے، اس پر 18 جنوری کو بات ہوگی اور اس کے بعد امیدواروں کی فہرست کا اعلان کریں گے۔دوسری طرف اروند کجریوال نے کہا کہ اگر گوا کی سیاست کو دوبارہ قائم کرنا ہے تو یہ کچھ لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ یہ لوگ گوا میں لینڈ مافیا، بدعنوانی اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
مافیا وہ ہیں جو وہاں حکومت بنانے کے لیے کام کرتے ہیں۔دہلی کے وزیراعلیٰ کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے سنجے راوت نے کہاہے کہ دہلی میں کووڈ کے کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن انہیں چھوڑ کر وزیر اعلیٰ گوا میں مصروف ہیں۔ دراصل دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال اس وقت گوا کے دورے پر ہیں اور وہاں گھرگھرمہم چلارہے ہیں۔



