
ایکناتھ شندے نے آدتیہ ٹھاکرے سمیت تمام ارکان اسمبلی کو جاری کیا وہپ
ممبئی،3جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر میں شیو سینا کے باغی ارکان اسمبلی اور بی جے پی نے مخلوت حکومت تشکیل دی ہے اور مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ دریں اثنا باغی ارکان اسمبلی شیوسینا پر دعوی کرتے ہوئے کئی طرح کی چالیں چل رہے ہیں۔اسمبلی میں آج اسپیکر کا انتخاب ہوا، اس سے قبل ہی مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں شیوسینا کے دفتر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ دفتر کس گروپ کے کہنے پر سیل کیا گیا ہے۔
نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ دفتر کو شیو سینا لیجسلیچر پارٹی نے سیل کر دیا ہے۔دریں اثنا ایک ناتھ شندے نے ادھو ٹھاکرے دھڑے کے تمام ارکان اسمبلی کو وہپ جاری کیا ہے جس میں ان سے بی جے پی کے اسپیکر امیدوار راہل نارویکر کے حق میں ووٹ دینے کو کہا ہے۔ یہ وہپ سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو بھی جاری کیا گیا ہے۔شیو سینا کے رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹ کیا کہ مجھے آج ریاستی اسمبلی کی میٹنگ میں شرکت کرنی ہے اس لیے میں آرے کے جنگلات اور ایم ایم آر سی ایل کی زمین کے احتجاج میں حصہ نہیں لے سکوں گا۔ میں عاجزی کے ساتھ نئی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔



