بین ریاستی خبریں

ممبئی ایئر پورٹ پر اڈانی کی برانڈنگ کو شیوسینا نے اکھاڑ پھینکا،ممبئی ہوائی اڈے کا نام بدلنے پر شیوسینا کارکنان برہم

ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شیوسینا کارکنان کے ایک گروپ نے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے (سی ایس ایم آئی اے) کے باہر اڈانی ائیرپورٹ ہولڈنگ لمیٹڈ (اے اے ایچ ایل) کے ذریعہ لگائے گئے ایک ہورڈنگ کو توڑ دیا۔ سنجے کدم اور دیگر شیوسینا لیڈر کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے سی ایس ایم آئی اے کا نام اچانک اڈانی گروپ کے برانڈ نام سے بدلنے پر اعتراض ظاہر کیا اور ائیر پورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

سائٹ پر موجود ایک شیوسینک نے کہا کہ اے اے ایچ ایل کو صرف ممبئی ہوائی اڈے کا مینجمنٹ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے اور وہ نام وغیرہ میں کوئی تبدیلی نہیں کر سکتے۔ یہ #مہاراشٹرا کے لوگوں کی بے عزتی ہے۔ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔ اس درمیان ’چھترپتی شیواجی مہاراج کی جے ہو‘ کے نعرے لگاتے ہوئے شیوسینا لیڈران و کارکنان ائیرپورٹ احاطہ میں موجود باغیچے پر چڑھ گئے، #زعفرانی پرچم لہرایا، اور پھر وہاں سے باہر نکلنے سے پہلے انگریزی و مراٹھی میں اے اے ایچ ایل نام کے ہورڈنگ کو پھاڑ دیا اور اکھاڑ کر پھینک دیا۔

اے اے ایچ ایل کے ایک ترجمان نے اس تعلق سے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ مہینے مشہور ہوائی اڈے کی ذمہ داری لینے کے بعد صرف اڈانی ائیرپورٹس برانڈنگ کے ساتھ پچھلی برانڈنگ کو بدل دیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سی ایس ایم آئی اے کی برانڈنگ یا ائیرپورٹ ٹرمینل پر موجودہ حالات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

چھترپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنا اڈانی کی سب سے بڑی غلطی: #نواب ملک

چھترپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرکے اڈانی ایئرپورٹ کرنا کسی طور مناسب نہیں ہے، یہ اڈانی کی سب سے بڑی غلطی ہے۔ یہ باتیں آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ جے وی کے ایئرپورٹ سے #اڈانی نے تمام مالکانہ حقوق وشیئر خرید لیے جس کے بعد #ایئر پورٹ کے مالکانہ حقوق اڈانی کے پاس چلے گئے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ ہرگزنہیں ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ کا تبدیل کرکے اڈانی ایئرپورٹ کردیا جائے۔
اڈانی کے پاس صرف ایئرپورٹ کے انتظامی امور کا اختیار ہے، نام تبدیل کرنے یا نام رکھنے کا اختیار نہیں ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ اڈانی ایئرپورٹ لکھنا کسی طور مناسب نہیں ہے۔ اس سے لوگو ں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہاں پر یہ واقعہ پیش آیا۔ اڈانی کو اس بات کا لحاظ کرنا چاہئے کہ لوگوں کے جذبات مجروح نہ ہوں۔
واضح ہوکہ اڈانی کی جانب سے چھرپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ کے قریب شیواجی کے مجسمے کے سامنے کی جگہ پر اڈانی ایئرپورٹ لکھا گیا تھا جس کے خلاف شیوسینا نے احتجاج کرتے ہوئے وہ بورڈ نکال دیا۔ اس واقعے سے ایئرپورٹ پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button