روسی فوج کی طرح برتاؤ کر رہی ہے شیوراج حکومت : کھرگون تشدد کے بعد مکانات گرانے پر اویسی کا نشانہ
نئی دہلی،13؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مدھیہ پردیش کے کھرگون تشدد میں ملوث افراد کے خلاف ضلع انتظامیہ اور پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ انتظامیہ حملے میں شامل افراد کے گھروں کو توڑ رہی ہے۔ نیز اس کارروائی کے خلاف لوک سبھا رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے ایم پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
اویسی نے مدھیہ پردیش حکومت کی کارروائی کو مکمل طور پر غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے عام چیزوںپر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ یہ سراسر غلط ہے۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی حکومت روسی فوج کی طرح برتاؤ کر رہی ہے، جیسے روسی فوج یوکرین میں مکانات کو مسمارکر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر کیوں گرائے جا رہے ہیں۔ خاندان بے سہارا ہو جائیں گے۔ حکومت کے اس اقدام کے حوالے سے عدالت کا دروازہ ضرور کھٹکھٹائیں گے۔
واضح رہے کہ ایم پی کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ اور پولیس نے رام نومی کے جلوس پر حملے میں شامل لوگوں کے گھروں کو منہدم کررہی ہے۔ اہلکاروں نے تقریباً 45 گھروں اور دکانوں پر بلڈوزر چلا دیا ۔ پیر کو تقریباً 16 مکانات اور 29 دکانیں منہدم کی گئی۔
اندور کے ڈویڑنل کمشنر پون شرما نے کہاکہ کھرگون انتظامیہ نے رام نومی جلوس کے دوران پتھراؤ کرنے والوں کی جائیدادوں کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے حالات کو قابو میں کر لیا ہے۔ کھرگون میں 84 ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔



