ڈھاکہ ، 4فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔شعیب ملک T-20 کرکٹ میں پاکستان کے لیے 500 میچ کھیلنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں، جب کہ وہ دنیا کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں۔ شعیب ملک 41 سال کی عمر میں بھی کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شائقین کو حیران کرنے میں پیچھے نہیں ہیں۔ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں بنایا گیا یہ تاریخی ریکارڈ اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔شعیب ملک نے یہ ریکارڈ بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں کھیلتے ہوئے بنایا تھا۔
خیال رہے کہ بی پی ایل 2023 میں ملک رنگپور رائیڈرز کی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں۔ ڈھاکہ ڈومینیٹرز کیخلاف میچ سے قبل ملک کو رنگپور رائیڈرز ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی دیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میںشعیب ملک نے اب تک 500 میچز کھیلے ہیں اور اس دوران انہوں نے 12287 رنز بنائے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کے معاملے میں ڈوین براوو (556 میچز) اور کیرون پولارڈ شعیب ملک سے آگے ہیں۔پولارڈ وہ کرکٹر ہے جس نے T20 کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں، پولارڈ اب تک 614 میچ کھیل چکے ہیں۔



