تلنگانہ کی خبریں

آن لائن جوئے کا نشہ! سب انسپکٹر نے ضبط شدہ سونا اور سرکاری ریوالور تک گروی رکھ دیا

80 لاکھ کے جوا قرض نے سب انسپکٹر کو تباہ کر دیا-سونا، ریوالور سب رہن

حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)حیدرآباد میں ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر بھانو پرکاش ریڈی کو اس وقت معطل کردیا گیا جب انکشاف ہوا کہ اس نے ایک سرقہ کیس میں برآمد شدہ طلائی زیورات اور اپنا سرویس ریوالور خانگی فائنانسروں کے پاس گروی رکھ دیا تھا۔

پولیس کمشنر وی سی سجنار کی ہدایت پر ٹاسک فورس نے جب تحقیقات کیں تو انہیں گروی رکھے گئے سرکاری ریوالور کا سراغ ملا، جس نے پورے محکمے میں ہلچل مچا دی۔ واقعہ کی اطلاع اعلیٰ عہدیداروں تک پہنچائی گئی، جس کے فوراً بعد سب انسپکٹر بھانو پرکاش ریڈی کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، بھانو پرکاش ریڈی آن لائن لون بٹنگ ایپس کے ذریعے جوے کا شدید عادی ہوچکا تھا اور تقریباً 80 لاکھ روپے کا مقروض تھا۔ اپنی لت پوری کرنے کے لیے اس نے نہ صرف 5 تولے سونا بلکہ سرکاری سرویس ریوالور بھی نجی فنانسروں کے پاس رہن رکھ دیا۔

پولیس کے اعلیٰ عہدیدار سب انسپکٹر کے بینک کھاتوں کی تفصیلات بھی حاصل کر رہے ہیں تاکہ بٹنگ ایپس کے ذریعے ہونے والے مبینہ مالی لین دین کی تصدیق کی جاسکے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں آن لائن بٹنگ کا شکار پولیس ملازمین کی خودکشی کے واقعات بھی سامنے آچکے ہیں، اور بھانو پرکاش ریڈی کی اس حیرت انگیز حرکت نے پولیس محکمے میں ایک نئے بحران کی نشاندہی کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button