سدارمیا کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ، شیوکمار ہوں گے نائب وزیر اعلیٰ
اپوزیشن کے کئی لیڈرارن وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں مدعو
نئی دہلی،18مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کانگریس نے جمعرات کو اپنے بڑے لیڈر سدارمیا کو کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کیا۔پارٹی نے یہ اعلان کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کے سرکردہ لیڈروں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی اور سابق وزرائے اعلیٰ سدارمیا اور مسٹر شیوکمار کے ساتھ کئی گھنٹے کی بات چیت کے بعد کیا۔ مسٹر سدارمیا ورنا اسمبلی حلقہ سے فتح یاب ہوئے، جبکہ مسٹر شیوکمار کنکا پورہ سیٹ سے جیتے ہیں۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، کانگریس جنرل سکریٹری اور تنظیم کے انچارج کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس صدر نے وسیع غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ مسٹر سدارمیا کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور مسٹر ڈی کے شیوکمار نائب وزیراعلی ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب 20 مئی کو ہوگی۔
مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ وزراء کا ایک گروپ بھی حلف لے گا۔ جنوبی ریاست کے دونوں لیڈروں کے سر اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شاندار جیت کا سہرا باندھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں لیڈر کرناٹک میں کانگریس کا بڑا اثاثہ ہیں۔ کانگریس ایک جمہوری پارٹی ہے۔ ہم اتفاق رائے پر یقین رکھتے ہیں آمریت پر نہیں۔ میں کرناٹک کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ الیکشن امیر بمقابلہ غریب تھا۔ایک سوال کے جواب میں کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں تمام ہم خیال جماعتوں کے لیڈروں کو مدعو کیا جائے گا۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے کرناٹک کے کانگریس انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ پارٹی کرناٹک میں ایک شفاف حکومت فراہم کرنے اور ریاست کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا مسٹر کھڑگے نے ٹویٹ کیا کہ ٹیم کانگریس کرناٹک کے لوگوں کی ترقی، بہبود اور سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہے۔کانگریس کے سربراہ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران 6.5 کروڑ کنڑ لوگوں سے کئے گئے وعدے کے مطابق پارٹی پانچ گارنٹیوں پر عمل درآمد کرے گی۔واضح رہے کہ حال ہی میں ہوئے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 224 رکنی اسمبلی میں 135 نشستیں حاصل کیں جب کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی 65 نشستوں پر سمٹ گئی۔
اپوزیشن کے کئی لیڈرارن وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں مدعو
کرناٹک اسمبلی انتخاب میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد کانگریس اب ریاست میں وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب کو لے کر تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے صلاح و مشورہ کے بعد سدارمیا کو وزیر اعلیٰ اور ڈی کے شیوکمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کیا ہے، اور اس کے ساتھ ہی یہ بھی صاف کر دیا گیا ہے کہ حلف برداری تقریب 20 مئی یعنی ہفتہ کے روز منعقد ہوگی۔کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کے لیے کانگریس نے سابق سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی کو خاص طور پر مدعو کیا ہے۔
ان کے علاوہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس نے اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ہم خیال پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کو بھی وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے۔ ان میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو، این سی پی چیف شرد پوار، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ وغیرہ شامل ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق نوین پٹنایک کی پارٹی بی جے جے ڈی اور کے سی آر کی پارٹی بی آر ایس سے کسی کو بھی مدعو نہیں کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی سے کسی کو مدعو کیا جائے یا نہیں، اس سلسلے میں ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ ان کے علاوہ سبھی ہم خیال پارٹیوں کے اہم لیڈران کو دعوت نامہ بھیج دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کرناٹک کانگریس انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرتے وقت ہی کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں ہمارے سبھی ساتھیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا تھا کہ جو لوگ جمہوریت کے لیے لڑنا چاہتے ہیں اور آئین کو بچانا چاہتے ہیں، وہ اس تقریب میں شامل ہو سکتے ہیں۔



