کراچی ، 7جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اس وقت Simba کے نام سے جانے جانے والا میمنہ اپنے طویل کانوں کی وجہ سے پاکستان میں ایک نیا میڈیا اسٹار بن چکا ہے۔ اس کے مالک نے اس کے طویل کانوں کے حوالے سے ورلڈ ریکارڈ کا دعویٰ کیا ہے۔سمبا کراچی میں لاڈ پیار کی زندگی گزار رہا ہے، جہاں وہ پچھلے مہینے پیدا ہوا تھا۔ پیدائش کے وقت اس کے کان حیرت انگیز طور پر طویل تھے اور اب یہ مزید بڑھ کر 54 سینٹی میٹر (21 انچ) تک پہنچ گئے ہیں۔جانور پالنے والے محمد حسن ناریجو کا کہنا ہے کہ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا ہے تاکہ سمبا کے طویل کانوں کو ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔
تاہم ابھی تک اس تنظیم کے ویب سائٹ پر بکری کے طویل ترین کانوں کی کیٹیگری شامل نہیں ہے۔ اس کے مالک محمد حسن کا کہنا تھا کہ اپنی پیدائش کے 10 سے 12 دنوں کے اندر ہی یہ میمنہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی زینت چکا ہے جبکہ اس نے ایک مقابلہ حسن بھی جیتا ہے۔ناریجو کا مزید کہنا تھاکہ 30 دنوں میں ہی یہ اس قدر مقبول ہو گیا ہے کہ کسی مشہور شخصیت کو بھی اس شہرت کے حصول میں 25 سے 30 سال لگ سکتے ہیں۔
سمبا کے کان اتنے لمبے ہیں کہ محمد حسن کو انہیں اس کی پیٹھ پر لپیٹنا پڑتے ہیں تاکہ یہ اس کے پاؤں میں نہ آئیں۔ محمد حسن کا مزید کہنا تھا کہ اس کو نظربد سے بچانے کے لیے انہوں نے وہ ٹوٹکے کئے ہیں ، اورقرآنی آیات پڑھ کر پھونکی گئی ہیں۔محمد حسن نے سمبا کی نسل آگے بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پاکستانیوں کی اعلیٰ بکریوں کی افزائش کرنے والی قوم کے طور پر تشہیر کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمبا کے پاکستان کا نام پوری دنیا میں مشہور ہونا چاہیے۔



