پٹیالہ ، 14جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)معروف گلوکار دلیر مہندی کو 2003 کے انسانی اسمگلنگ کیس میں دو سال قید کی سزا سنائی گئی، انہیں پٹیالہ پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پٹیالہ کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی، انہیں پٹیالہ جیل بھیج دیا جائے گا۔ 19 سال قبل کی گئی شکایات میں دلیر مہندی اور اس کے بھائی شمشیر سنگھ پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے لوگوں کو غیر قانونی طور پر امریکہ اور کینیڈا بھیجنے کے لیے رقم لی تھی۔یہ کیس ستمبر 2003 میں پٹیالہ صدر پولیس اسٹیشن میں بخشش سنگھ نامی شخص نے درج کرایا تھا۔
جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مہندی برادران 1998 اور 1999 میں دو ٹولیوں کو امریکہ لے گئے تھے، جن میں 10 افراد غیر قانونی نقل مکانی کے لیے تھے۔ انہوں نے مجھے کینیڈا بھیجنے کے لیے مجھ سے 13 لاکھ روپے لیے تھے۔بخشش سنگھ کے مطابق نہ تو انھوں نے مجھے بیرون ملک بھیجا اور نہ ہی انھوں نے میرے پیسے واپس کیے ہیں۔ اس وقت وہ لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کا یہ کام کرتے تھے۔ رپورٹس کے مطابق ایف آئی آر کے بعد 35 دیگر شکایات سامنے آئی تھیں۔
دونوں بھائیوں پر انڈین پینل کوڈ کی دفعات کے تحت انسانی اسمگلنگ اور انڈین پاسپورٹ ایکٹ کے علاوہ سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ دونوں کو 2018 میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے دو سال قید کی سزا ملی، لیکن انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور اپیلیں دائر کی گئیں۔



