
بہار اور بنگال کے بعد دہلی، پنجاب اور مہاراشٹر سمیت 19 علاقوں میں ایس آئی آر کا اعلان
یس آئی آر، الیکشن کمیشن نے تیسرے مرحلے کا شیڈول جاری کیا
نئی دہلی 14 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے تیسرے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مرحلے کے تحت دہلی، پنجاب اور مہاراشٹر سمیت 16 ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان تمام علاقوں کی حتمی ووٹر فہرست 7 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔
کمیشن نے بتایا کہ تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کو چھوڑ کر تقریباً پورے ملک میں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ ان تینوں علاقوں کے لیے شیڈول بعد میں موسمی حالات اور برفباری کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا جائے گا۔
تیسرے مرحلے میں اوڈیشہ، میزورم، سکم، منی پور، دمن و دیو، اتراکھنڈ، آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، ہریانہ، چندی گڑھ، تلنگانہ، پنجاب، کرناٹک، میگھالیہ، مہاراشٹر، جھارکھنڈ، دہلی، ناگالینڈ اور تریپورہ شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 30 مئی سے 14 اکتوبر 2026 کے درمیان بوتھ لیول آفیسرز گھر گھر جا کر سروے کریں گے، جبکہ ووٹر فہرست کا مسودہ 5 جولائی سے 21 اکتوبر کے درمیان جاری کیا جائے گا۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر ایک شراکتی عمل ہے، جس میں سیاسی جماعتوں، انتخابی عہدیداروں اور ووٹروں کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر پولنگ اسٹیشن کے لیے بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) مقرر کریں، تاکہ ایس آئی آر کا عمل مکمل شفافیت اور سیاسی جماعتوں کی مؤثر شمولیت کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔
کمیشن کے مطابق اس مرحلے کے دوران 3.94 لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول آفیسرز گھر گھر جا کر تقریباً 36.73 کروڑ ووٹروں سے رابطہ کریں گے۔ اس مہم کا مقصد ووٹر فہرستوں کو مزید شفاف اور درست بنانا بتایا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے دو مراحل میں 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا گیا تھا، جن میں تقریباً 59 کروڑ ووٹر شامل تھے۔ اس پورے عمل میں 6.3 لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول آفیسرز نے حصہ لیا، جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مقرر کردہ 9.2 لاکھ سے زائد بوتھ لیول ایجنٹس بھی مختلف مراحل میں شامل رہے۔
ایس آئی آر کے پہلے مرحلے کے دوران بہار میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جانچ کی گئی تھی۔ جون سے ستمبر 2025 کے درمیان ہونے والی کارروائی کے بعد تقریباً 47 لاکھ ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں سے ہٹا دیے گئے، جو مجموعی ووٹروں کا تقریباً 5 سے 6 فیصد بنتے ہیں۔
دوسرا مرحلہ 27 اکتوبر 2025 کو شروع کیا گیا تھا، جس میں اتر پردیش اور مغربی بنگال سمیت نو ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔ اس دوران سب سے زیادہ نام اتر پردیش میں حذف کیے گئے، جہاں تقریباً 2.04 کروڑ ووٹروں کے نام فہرست سے نکالے گئے، جبکہ مغربی بنگال میں 83.86 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے شیڈول جاری کرتے ہوئے تمام ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ ایس آئی آر کے تیسرے مرحلے میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے گنتی فارم وقت پر جمع کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد صرف اہل ووٹروں کو انتخابی فہرست میں شامل رکھنا اور نااہل افراد کے ناموں کو فہرست میں شامل ہونے سے روکنا ہے۔



