
مقبوضہ بیت المقدس ، 6ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ان چھ فلسطینی قیدیوں کو تلاش کر رہی ہے جو شمالی اسرائیل کی ایک ہائی سکیورٹی جیل توڑ کر رات کو فرار ہو گئے ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس نے ناکہ بندی کر دی ہے اور علاقے میں گشت جاری ہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ یہ افراد جنین کی طرف جا رہے ہیں، جہاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ فلسطینی اتھارٹی کا بہت کم کنٹرول ہے اور جہاں حالیہ ہفتوں میں عسکریت پسندوں کی اسرائیلی فورسز کے ساتھ کھلی جھڑپ ہوئی ہے۔
اسرائیل کے آرمی ریڈیو نے بتایا کہ یہ لوگ ایک سرنگ کے ذریعے فرار ہوئے اور انہیں باہر سے مدد ملی۔اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی تصاویر میں اس سرنگ کا اختتام دکھایا گیا ہے جہاں سے قیدی فرار ہوئے ہیں جبکہ ایک تصویر میں ایک اسرائیلی سکیورٹی والا سیاہ ٹی شرٹ میں زمین کے سوراخ کا معائنہ کرتا ہوا دکھایا گیا ہے۔فلسطینی عسکریت پسند گروہوں نے اس فرار کی تعریف کی ہے۔عسکریت پسند گروہ کے ترجمان داؤد شہاب کا کہنا ہے کہ یہ ایک عظیم بہادرانہ عمل ہے، جو اسرائیلی سکیورٹی سسٹم کو شدید صدمہ پہنچائے گا اور اسرائیل میں فوج اور پورے نظام کو شدید دھچکا لگے گا۔
اردودنیا ایپ انسٹال کے لیے کلک کریں |
|---|



