مومن فہیم احمد
دسویں ، بارہویں یا پھر چھوٹی جماعتوں کے امتحانات کے اختتام پر طلبہ کو عموماً فرصت ہوجاتی ہے، دن بھر گھر پر موبائیل یا ٹی وی میں وقت ضائع کرنا یا پھر دوستوں کے ساتھ کھیلتے رہنا بھی والدین و سرپرست کے لیے ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔
ایسی صورت میں طلبہ کی چھٹیوں کو کارآمد بنانے کے لیے انھیں مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی ترغیب دینا اور ان کی دلچسپی کے مطابق انھیں مصروف رکھنا نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے بلکہ چھٹیاں بھی کارآمد ثابت ہوتی ہیں۔
ان چھٹیوں کے دوران کئی والدین و سرپرست اپنے وطن جانے یا پھر گھومنے پھرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ بالخصوص دسویں جماعت اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات سے فارغ ہونے والے طلبہ و طالبات کے لیے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ آئندہ جماعتوں کے داخلوں کا مرحلہ توجہ طلب ہوتا ہے اور داخلوں کی تاریخوں کا دھیان رکھنا بہت ضروری ہے ۔
اس لیے وطن روانگی یا سیر و تفریح کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اس کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے ورنہ ذرا سی غفلت بعض اوقات طلبہ کا سال برباد کرنے کا سبب بنتی ہے۔آئیے ہم چھٹیوں کو بامقصد بنانے کے لیے چند غیر روایتی کورسیس پر نظر ڈالیں۔
کمپیوٹر کورسیس Computer courses : کمپیوٹر کی اہمیت و افادیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا ۔ دور حاضر کو ٹیکنالوجی کا دور کہا جائے تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔ بیشتر گھروں میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود بھی بہت سے طلبہ دسویں ، بارہویں اور بعض اوقات گریجویشن میں ہونے کے باوجود بھی کمپیوٹر کے بنیادی سافٹ وئیرس کی جانکاری نہیں رکھتے ۔
چھٹیوں میں تین ماہ سے چھ ماہ کے کئی ایسے مختصر مدتی کورسیس ہیں جو طلبہ کے کرئیر میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ یہ کورسیس عموماً پرائیویٹ اداروں جنھیں عرفِ عام میں ’’کمپیوٹر کلاس‘‘ بھی کہا جاتا ہے ان کے ذریعے چلائے جاتے ہیں ،ان میں سے چند ایک درج ذیل ہیں۔
(۱) بیسک کمپیوٹر کورس Basic computer course: یہ کمپیوٹر کا سب سے بنیادی کورس ہے جس کی جانکاری ہر فرد کو ہونا ضروری ہے۔ کمپیوٹر کے بنیادی آپریشنس کی معلومات، آپریٹنگ کا طریقہ کار، ونڈوز ، مائیکروسافٹ پینٹ ، نوٹ پیڈ، ایم ایس آفس وغیرہ چند ایسے اپلیکیشنس ہیں جو صرف طلبہ کو ہی نہیں بلکہ ایک عام شخص کو بھی اچھی طرح آنے چاہیے تاکہ اگر گھر میں کمپیوٹر موجود ہوتو اس کا خاطر خواہ استعمال کیا جاسکے۔ عموماً ایک تا دیڑھ مہینے میں یہ کورس بآسانی سیکھا جاسکتا ہے۔
(۲) ایم ایس -سی آئی ٹی (مہاراشٹر اسٹیٹ : سرٹیفکیٹ ان انفارمیشن ٹیکنالوجی) : حکومت مہاراشٹر کے ملازمین کے لیے یہ کورس لازمی ہے۔ ویسے تو یہ ایک بنیادی آپریٹنگ سکھانے والا جامع کورس ہے جو حکومتِ مہاراشٹر کی قائم کردہ کمپنی ’’مہاراشٹر نالج کارپوریشن لمیٹیڈ(ایم کے سی ایل)‘‘ کے تحت ریاست کے تقریباً چھوٹے بڑے تمام شہروں میں منظور شدہ تربیتی مراکز(آتھورائزڈ ٹریننگ سینٹر)کے زیر نگرانی چلایا جاتا ہے۔
کورس کی مدت تین ماہ ہوتی ہے اور فیس تقریباً چار ہزار سے چار ہزار پانچ سو کے درمیان ہے۔ قسط وار فیس کی ادائیگی کی بھی سہولت دستیاب ہے۔ اس کورس میں کمپیوٹر ٹائپنگ ، کمپیوٹر کے بنیادی آپریشنس، انٹر نیٹ کا استعمال اور انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف خدمات سے استفادہ کرنے پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔
یہ کورس طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور حکومتی ملازمین کے لیے زیادہ مناسب ہے۔ ویسے طلبہ اس نوعیت کے دیگر نسبتاً کم فیس کے کورسیس بھی کرسکتے ہیں ۔ اس کورس کی اہمیت اس لحاظ سے زیادہ ہے کہ اس کا سرٹیفکیشن حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے دیا جاتاہے۔
(۳) ڈی ٹی پی (Desktop Publishing) : ایسے افراد یا طلبہ جو تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہوں ان کے لیے یہ کور ی فوری روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔ اس کورس میں ٹائپنگ، ٹائپ سیٹنگ، ڈیزائنگ، گرافکس، فوٹو ایڈیٹنگ ، پیج میکنگ وغیرہ سے متعلق اپلیکیشنس سکھائی جاتی ہیں۔ اگر کمپیوٹر کے بیسک آپریشنس کی اچھی معلومات ہوتو دسویں اور بارہویں کے امتحانات سے فارغ طلبا و طالبات کو یہ کورس ضرور کرنا چاہیے۔
اس میں بیسک کمپیوٹر آپریشنس کے ساتھ ان پیج ، کورل ڈرا، فوٹو شاپ، پیج میکر وغیرہ سافٹ وئیر کی عملی مشق طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیوں کو پروان چڑھانے میں مدد کرتی ہے۔
کورل ڈرا جیسے گرافکس سافٹ وئیر کی مدد سے مختلف زبانوں کے فونٹس کا استعمال کرتے ہوئے ڈیزائننگ کے مختلف کام کیے جاسکتے ہیں۔ فوٹو شاپ ، تصاویر کی ایڈیٹنگ اور فوٹو ڈیزائننگ کے لیے استعمال ہونے والا کثیر مقصدی سافٹ وئیر ہے۔
شادی کارڈ، پمفلیٹس، پوسٹرس، کتابوں کے سرِ ورق، فلیکس بینر، وزیٹنگ کارڈ وغیرہ کے لیے ان سافٹ وئیر کے مختلف ورژن استعمال کیے جاتے ہیں۔ ذاتی دلچسپی، مشق اور اختراعی سوچ کے حامل افراد اس کورس کی تکمیل اور ان اپلیکیشنس میں مہارت کے ذریعے انتہائی کم سرمائے میں خودکا روزگار بھی کرسکتے ہیں۔
عموماً یہ کورس چار تا چھ مہینے پر مشتمل ہوتا ہے اور فیس پانچ تا دس ہزار کے درمیان ہوسکتی ہے۔ تعطیلات کے دوران نجی کمپیوٹر کلاسیس ان کورسیس پر رعایت بھی دیتے ہیں۔
(۴) ایم ایس آفس اور ٹیلی (اکاؤنٹنگ ) کورس Ms office and Tally Accounting Course : یہ کورس کامرس کے طلبہ کے لیے انتہائی کارآمد ہے ۔ ایسے طلبہ جنھوں نے ابھی بارہویں کا امتحان دیا ہے اور آئندہ کامرس اور منیجمنٹ (انتظامیہ) کے شعبے میں ہی اپنا کرئیر بنانا چاہتے ہیں انھیں کمپیوٹر کے بنیادی آپریشنس اور ایم ایس آفس (مائیکروسافٹ آفس) کے مختلف اپلیکیشنس جیسے ایم ایس ورڈ، ایم ایس ایکسل، ایم ایس پاور پوائنٹ اور ایم ایس ایکسیس کے ساتھ اکائونٹنگ کے مشہور زمانہ اپلیکیشن ٹیلی (Tally) کے جدید ورژن کی اچھی معلومات ہونی چاہیے۔
کامرس وتجارت ، کارپوریٹس کے مختلف شعبوں میں ہر امیدوار سے کمپنیاں یہ توقع رکھتی ہیں کہ انھیں ان اپلیکیشنس کا بھرپور استعمال آتا ہوگا تاکہ روزانہ کی رپورٹس ، خطوط، ڈرافٹ، کاروباری تختے اور پریزینٹیشن وغیرہ بآسانی تیار کیے جاسکیں۔
انگریزی اور مراٹھی اسپیکنگ کے کورسیس : انگریزی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، ساتھ ہی ساتھ ریاستی زبان مراٹھی کی بھی بڑی اہمیت ہے۔ یوں تو زبانیں سیکھنے کے لیے کسی مخصوص جماعت میں کامیاب ہونے کی کوئی شرط نہیں ہے لیکن پھر بھی چھٹی جماعت سے لے کر دسویں، بارہویں یا گریجویشن کے طلبہ کو اپنی زباندانی بہتر بنانے کے لیے انگریزی اور مراٹھی اسپیکنگ کے کورسیس میں داخلہ لینا چاہیے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ بالخصوص اردو (یا انگریزی کے علاوہ دیگر کسی بھی) میڈیم کے طلبہ کے لیے انگریزی میں مشکلات پیش آتی ہیں لیکن ذرا سی توجہ اور محنت و لگن سے انگریزی بآسانی سیکھی جاسکتی ہے۔
تقریباً ہر شہرمیں کئی ادارے انگریزی و مراٹھی اسپیکنگ کی کلاسیس خاصل طور پر چھٹیوں کی مناسبت سے چلاتے ہیں اور فیس بھی بہت زیادہ نہیں ہوتی۔ طلبہ کوچھٹیوں میں ان سے استفادہ کرنا چاہیے اور کورس کی تکمیل کے بعد بھی محنت کرتے رہنا چاہیے۔
مذکورہ بالا تمام کورسیس چھٹیوں کو با مقصد بنانے اور طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی مناسبت سے دیے گئے ہیں اس کے علاوہ بھی مخصوص نوعیت کے اسپورٹس ، کھیل کود، ذہنی ارتقا کے لیے (ویدک میتھس) وغیرہ کے کورسیس ہمارے اطراف و اکناف میں دستیاب ہیں جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
٭٭٭
مومن فہیم احمد عبدالباری-لیکچرر صمدیہ جونیر کالج، بھیونڈی



