بیٹے کی بھاجپا میں شمولیت کانگریسی سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے کہا، مجھے دلی صدمہ ہوا
کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اے کے انٹونی کے بیٹے انیل انٹونی نے جمعرات (6 اپریل) کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی
نئی دہلی،6 اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اے کے انٹونی Antony کے بیٹے انیل انٹونی نے جمعرات (6 اپریل) کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے بعد والد اے کے انٹونی کا پہلا ردعمل آیا۔ انہوں نے اپنے بیٹے کے فیصلے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں کے مطابق ترواننت پورم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے کے انٹونی نے کہا کہ انل کے بی جے پی میں شامل ہونے کے فیصلے سے مجھے تکلیف ہوئی ہے،یہ بہت غلط فیصلہ ہے۔ ہندوستان کی بنیاد اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی ہے۔ 2014 کے بعد جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے، وہ (بی جے پی) منظم طریقے سے تنوع اور سیکولرازم کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
بی جے پی صرف یکسانیت پر یقین رکھتی ہے، وہ ملک کی آئینی اقدار کو تباہ کر رہی ہے۔ اے کے انٹونی نے یہ بھی کہاکہ میری وفاداری ہمیشہ نہرو خاندان کے ساتھ رہے گی۔بتا دیں کہ انل انٹونی نے دہلی میں مرکزی وزیر پیوش گوئل، وی مرلیدھرن، کیرالہ بی جے پی صدر کے سریندرن کی موجودگی میں بی جے پی کی رکنیت لی۔ انل نے بی جے پی میں شامل ہونے کی وجہ بھی بتائی۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہندوستانی نوجوان کے طور پر، میں محسوس کرتا ہوں کہ قوم کی تعمیر اور قومی یکجہتی کے وزیر اعظم مودی کے وژن میں حصہ ڈالنا میری ذمہ داری اور فرض ہے۔ جنوری میں بی بی سی کی دستاویزی فلم پر ان کے بیان پر تنازعہ گہرا ہونے کے بعد کانگریس چھوڑ دیا تھا۔



