
چنڈی گڑھ،09؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اداکار سونو سود کی سخاوت ایک بار پھر منظر عام پر آئی ہے ، حال ہی میں سود نے پنجاب کے ضلع موگا کے کوٹکپورہ بائی پاس کے قریب سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص کی جان بچائی۔
سونو نے خود زخمی شخص کو اپنی کار میں بیٹھا کر اسپتال لے گئے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ سونو سود کی بہن مالویکا سود پنجاب کے موگا سے کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی الیکشن لڑنے والی ہیں۔
سونو انتخابی مہم میں اپنی بہن کی مکمل حمایت کر رہے ہیں اور لوگوں سے اپنی بہن کو ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں۔تاہم سونو نے واضح کیا ہے کہ ان کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ایک اداکار اور سماجی کارکن ہیں لیکن چونکہ ان کی بہن الیکشن لڑ رہی ہیں اور وہ بھی شروع سے ہی سماج کی خدمت میں مصروف ہیں، اس لیے سونو اپنی بہن کا ساتھ دے رہے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں این ڈی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ موگا میں تمام اسکول، کالج اور دھرم شالہ ان کے خاندان نے بنائے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میری والدہ نے کئی بچوں کو مفت تعلیم دی ہے۔ نیزاس کی بہن نے نصف شہر وںکی ویکسی نیشن کروائی ہے۔



