سورو گنگولی کی طبیعت دوبارہ خراب ، اپولو اسپتال داخل
کولکا تہ: (اردونیا.اِن ) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بو رڈکے چیئرمین سورو گنگولی کو ایک بار پھر اسپتال داخل کیا گیا ہے۔ سینے میں درد کی شکایت کے بعد سورو گنگولی کو شہر کے اپولو اسپتال میںداخل کرایا گیا ہے۔حال ہی میں انہیں دل کا دورہ پڑا تھا ، جس سے وہ صحت یاب ہوکر گھر لوٹ آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کے سربراہ سورو گنگولی کو سینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد کولکاتہ کے اپولو اسپتال لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے 2 جنوری کو سورو گنگولی کو سینے میں درد کی شکایت ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہیں کولکا تہ کے ووڈ لینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا انجیو پلاسٹی ہوا۔ اس دوران ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے سینے میں دو بلاکج ہیں ، جس کے لیے ان کا علاج کیا جائے گا۔ سورو گنگولی کو علاج کے بعد 7 جنوری کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا تھا ، لیکن اب 20 دن بعد انہیں دوبارہ پریشانی لاحق ہوئی ہے۔