کولکاتہ ، 12جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) بھارت اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کے لیے اتری۔ اس دوران سری لنکن ٹیم 215 رنز کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے کل دیپ یادیو اور سراج نے 3-3 وکٹیں حاصل کی ، جبکہ عمران ملک نے بھی دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے نوانیڈو فرنانڈو نے نصف سنچری اسکور کی۔ کوسل مینڈس نے 34 رنز بنائے۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے اویشکا فرنانڈو اور نوانیڈو فرنانڈو اوپننگ کرنے آئے۔ اویشکا اور نوانیڈو کے درمیان اچھی شراکت داری چل رہی تھی۔ اس دوران محمد سراج نے خطرناک بولنگ کرتے ہوئے اوشکا کو پویلین بھیج دیا۔ وہ 17 گیندوں میں 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نووانیڈو نصف سنچری اننگز کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز کوسل مینڈس 34 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
دھننجے ڈی سلوا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ اکشر پٹیل نے انہیں پویلین بھیجا۔ چارتھ اسلانکا 21 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان داسن شناکا بھی کچھ خاص نہ کر سکے۔ وہ صرف 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ ڈونتھ ویلالج 34 گیندوں میں 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کسن راجیتھا 21 گیندوں پر 17 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 3 چوکے بھی لگائے۔ٹیم انڈیا کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے کلدیپ یادو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 10 اوورز میں 51 رنز دیے۔ محمد سراج نے 5.4 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عمران ملک نے 7 اوورز میں 48 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی، وہیں اکشر پٹیل کو بھی ایک کامیابی ملی۔ انہوں نے 5 اوورز میں صرف 16 رنز دیئے۔ محمد شامی نے 7 اوورز میں 43 رنز دیئے، حالانکہ انہیں ایک بھی وکٹ نہیں ملی۔



