تلنگانہ کی خبریں

گروپ I امتحانات کیلئے اردو میں نصابی مواد کی تقسیم کا آغاز

دیگر سرویس امتحانات کے نصاب کا احاطہ ، 9 مضامین پر مشتمل تین کتابوں کی اشاعت

گروپ I اور دیگر سرویس امتحانات میں اقلیتی نمائندگی میں اضافہ کیلئے 9 مختلف مضامین کا احاطہ کرکے 3 کتابیں تیار کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اردو نصاب کی تیاری کا جائزہ لیا تھا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ سید عمر جلیل و پروفیسر ایس اے شکور کو اردو ترجمہ اور نصاب کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ۔ ماہر مترجمین و نصاب کے ماہرین کی خدمات حاصل کرکے دیڑھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں اردو نصاب تیار کیا گیا ۔

پہلی کتاب میں عام معلومات اور حالیہ واقعات ، سائنس و ٹکنالوجی اور ماحولیاتی مسائل کو شامل کیا گیا ۔ دوسری کتاب میں تلنگانہ سماج ، تہذیب ، ثقافت اور ادب ، حکومت تلنگانہ کی فلاحی پالیسیوں ، بین الاقوامی تعلقات اور واقعات اور جغرافیہ کو شامل کیا گیا۔ تیسری کتاب میں ہندوستان کی تہذیب اور ثقافت ، ہندوستان کا آئین اور حکمرانی ، ہندوستان کی عوامی پالیسیاں اور ملک کی معاشی سماجی ترقی جیسے امور کا احاطہ کیا گیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے اردو نصابی مواد شائع کیا۔

Join Urdu Duniya WhatsApp Group

https://chat.whatsapp.com/JBmc63JLoOS1vj9SSY2QZp

https://play.google.com/store/apps/details?id=com.urdu.urduduniya

تلگو اکیڈیمی سے اس کی پرنٹنگ کرائی گئی ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے حیدرآباد کے ٹریننگ سنٹرس پر امیدواروں میں اردو نصابی مواد تقسیم کیا ہے ۔ اقلیتی بہبود کے تحت کوچنگ حاصل کرنے والے طلبہ کو یہ کتابیں مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ دیگر امیدوار خریدنا چاہیں تو اس کی قیمت فی کس 280 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اردو نصابی مواد کی تیاری سے گروپ I اور دیگر سرویس امتحانات میں اقلیتی امیدواروں کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔ تلنگانہ میں گروپ I سطح پر اقلیتی عہدیداروں کی کمی اہم مسئلہ بن چکی ہے جس کے نتیجہ میں کئی اہم محکمہ جات میں اقلیتی عہدیدار اہم عہدوں پر دستیاب نہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button