نئی دہلی، 20 دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مرکزی حکومت نے پیر کو لوک سبھا کو بتایا کہ ریاستی حکومتیں اگر چاہیں تو اسکولوں میں بھگوت گیتا پڑھانے کا انتظام کرسکتی ہیں۔وزیر مملکت برائے تعلیم اناپورنا دیوی نے ایوان زیریں میں وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوپال شیٹی کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومتیں اسکولوں میں بھوجپوری پڑھانے کا بھی انتظام کرسکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت بچوں کو علاقائی زبانیں سکھانے پر زور دیا گیا ہے۔
تعلیم ریاست کا موضوع ہے۔ اگر وہ چاہیں تو یہاں اپنے نصاب میں بھگوت گیتا کو شامل کر سکتے ہیں۔اناپورنا دیوی نے بتایا کہ سی بی ایس ای کے تحت کئی کلاسز میں بھگوت گیتا پڑھائی جا رہی ہے۔ایک ضمنی سوال پوچھتے ہوئے شیٹی نے ایوان میں نعرے لگانے والے اراکین کو نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کے لوگوں کو بھی بھگوت گیتا کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ وہ بھی اچھے کام کرنے کا علم حاصل کر سکیں۔
کانگریس اور کچھ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان ریاستی وزیر داخلہ اجے کمار مشرا کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے۔



