توانائی سے بھرپور غذائیں جو ذہنی تناؤ سے نجات دلائیں✍️مدثر مہدی
سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے کیونکہ دماغ میں خوشی کا احساس پیدا کرنے والے کیمیکل ڈوپامائن کی مقدار بڑھاتا ہے
موجودہ دور میں لوگ بہت زیادہ مصروف رہتے ہیں اور یہ چیز جسمانی و ذہنی طور پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ذہنی تناؤ یا دباؤ بہت زیادہ عام ہوچکا ہے۔ہر دوسرا فرد اس وقت اسٹریس یا ذہنی تناؤ کا شکار ہوتا ہے یہاں تک کہ بچے بھی تعلیمی مصروفیات کے نتیجے میں چڑچڑے ہوجاتے ہیں اور اس دباؤ کا حد سے زیادہ بڑھ جانا انسانی صحت کے لئے تباہ کن ثابت ہوتا ہے کیونکہ متعدد ذہنی و جسمانی امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔تاہم آپ کی غذا اس تناؤ کو کم یا ختم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔درحقیقت کچھ غذائیں ایسی ہوتی ہیں جو بلڈ شوگر ہی نہیں بلکہ آپ کے جذباتی ردعمل کو بھی مستحکم کرنے کے لئے فائدہ مند ہوتی ہیں اور ایسے ہی سپرفوڈ کے بارے میں جاننا آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
سبز پتوں والی سبزیاں
جب انسان ذہنی تناؤ کا شکار ہوتا ہے تو اس کے اندر فاسٹ یا جنک فوڈ کی خواہش بھی بڑھ جاتی ہے مگر اس موقع پر سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے کیونکہ دماغ میں خوشی کا احساس پیدا کرنے والے کیمیکل ڈوپامائن کی مقدار بڑھاتا ہے جو آپ کو پرسکون کردیتا ہے۔طبی جریدے جرنل آف ایفیکیٹو ڈس آرڈرز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ان سبزیوں میں فولاٹی نامی جز موجود ہوتا ہے جو ڈپریشن کی علامات کا خطرہ کم از کم کردیتا ہے جبکہ اوٹاگو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے والے افراد زیادہ پرسکون، خوش باش اور توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔
دودھ
دودھ وٹامن ڈی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جو کہ ہمارے اندر خوشی کے احساس کو بڑھانے کے لئے بہتر جز ہے، لندن کالج یونیورسٹی کے انسٹیٹوٹآف چائلڈ ہیلتھ کی ایک تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی اور ڈپریشن کا شکار ہونے کے درمیان تعلق پایا جاتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار دہشت اور تناؤ کے خطرے کو کم کردیتا ہے، دودھ کے ساتھ ساتھ مچھلی، انڈے کی زردی وغیرہ بھی اس مقصد کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔
کاجو
کاجو میں پائے جانے والا ذنک ذہنی خوف یا فکر کی سطح کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق کاجو کے استعمال سے ذہنی تشویش کی سطح میں 31 فیصد تک کمی آجاتی ہے کیونکہ اس میں شامل زنک ایک ایسے اعصابی کیمیکل پر اثرانداز ہوتا ہے جو کہ انسانی مزاج پر اثرانداز ہوتا ہے۔ کاجو میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور پروٹین بھی شامل ہوتے ہیں جو تناؤ کو کم کرکے جسم کو دیگر طبی فوائد بھی پہنچاتے ہیں۔
دہی
سننے میں چاہے جتنا بھی عجیب لگے مگر انسانی معدے میں پائے جانے والے بیکٹریا تناؤ کو پھیلانے میں بھی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی 2013 کی ایک تحقیق کے مطابق معدے تک دماغی سگنل جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تناؤ کے باعث ہاضمے کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں ، تاہم دہی میں موجود صحت بخش بیکٹریا دماغ کے ان حصوں کی سرگرمیاں کم کردیتے ہیں جو کہ جذبات کو کنٹرول کرتے ہیں جس سے ذہنی تناؤ بھی کم ہوجاتا ہے۔
جو کا دلیہ
اگر تو آپ دلئے کے شوقین ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کو بھی ذہنی تناؤ کا سامنا ہی نہ کرنا پڑے، میساچوسٹیس انسٹیٹوٹآف ٹیکنالوجی کی ایک تحقیق کے مطابق دلئے میں شامل کاربوہائیڈریٹس دماغ میں ایک کیمیکل سیروٹونین کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو کہ ڈپریشن سے نجات کے لئے استعمال کی جانے والی ادویات کی طرح ہی اثر کرتا ہے جبکہ دلیہ سے خون میں گلوکوز اور اسے آگے بڑھ کر ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ بھی پیدا نہیں ہوتا۔



