
دہلی میں واقع مولانا آزاد میڈیکل کالج میں طالب علم کی خودکشی
دوسرے طلباء کی مدد سے دروازہ توڑا گیا۔
نئی دہلی،۲۸؍اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی کے مولانا آزاد میڈیکل کالج میں میڈیکل کے ایک طالب علم نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ حکام نے اس کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیس سالہ امت کمار نامی طالبعلم کی لاش منگل کی شام ان کے ہاسٹل کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کمار ایم ڈی (ڈاکٹر آف میڈیسن) کے پہلے سال کا طالب علم تھا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے۔متوفی کے لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ طالب علم ذہنی مسائل کا شکار تھا جس کے لیے اس کا علاج بھی جاری تھا۔ جیسے ہی طالب علم کی خودکشی کی خبر دیگر طلبہ تک پہنچی، پورے ہاسٹل میں خاموشی چھا گئی۔متوفی امت کے چچا ہر شام اس سے ملنے ہاسٹل آتے تھے۔
منگل کی شام جب وہ امت سے ملنے پہنچے تو کافی دیر تک دستک دینے کے بعد بھی اس نے دروازہ نہیں کھولا تو دوسرے طلباء کی مدد سے دروازہ توڑا گیا۔ سب نے کمرے کے اندر دیکھا تو امت کی لاش رسی سے لٹکی ہوئی ملی۔اس کے بعد جب پولیس کو معاملے کی اطلاع ملی تو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فرانزک ٹیم کو بھی موقع پر بلایا گیا۔ امت کے کمرے سے کچھ شواہد برآمد ہوئے اور لاش کی ویڈیو گرافی کی گئی اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ امت اصل میں بہادر گڑھ، ہریانہ کا رہنے والا تھا۔وہ مولانا آزاد میڈیکل کالج سے ایم ڈی کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ اس دوران وہ دماغی عارضے میں بھی مبتلا تھا جس کا علاج جاری تھا۔ کچھ دن پہلے دہلی این سی آر کے نوئیڈا سے بھی ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا تھا، جہاں ایک شخص نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کر لی تھی۔ پنکج نوئیڈا میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں کام کرتا تھا۔ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے پنکج اکیلا رہتا تھا۔



