
40ہزاربجلی بل آنے پرملول کسان نے لگائی پھانسی
سہسرام: (اردودنیا.اِن)شیرشاہ سوری کے شہر سہسرام میں کھپت سے دس گنا زائد بجلی آنے کی وجہ سے ایک کسان نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ دری گاؤں تھانہ علاقہ کے نوگائی گاؤں کا ہے۔ ہلاک کسان کی شناخت دنیش سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ والد کی لاش دیکھ کر بیٹی نے بھی زہر پی لیا ، لیکن موقع پر موجود دیہاتیوں نے اس کو شفاخانہ بھیج کر جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اطلاع کے مطابق دنیش کے گھر میں چار بلب اور دو پنکھے کا کنکشن ہے ،لیکن بجلی محکمہ کی لاپروائی کے باعث ایک ماہ کا بجلی کا بل 40 ہزار آ گیا ۔ متوفی نے بجلی کے بل میں بہتری کی درخواست دی تھی ، جہاں آدھی رقم جمع کرنے کی صورت میں بل میں بہتری کی بات کہی گئی تھی۔ دنیش نے 20 ہزار روپے کا قرض لے کر 20ہزار روپے جمع بھی کیا تھا،
لیکن بجلی کے بل میں بہتر نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے پریشان ہوکر دنیش نے جمعرات کی صبح گھر میں پنکھے سے لٹک کر پھانسی لگالی ۔خیال رہے کہ دنیش کی چھ بیٹیاں ہیں ، جن میں سے دو شادی شدہ ہیں۔جب اہل خانہ کو اس کا علم ہوا تو پولیس کو اطلاع دی گئی۔
غمزدہ بیٹی نے بھی کھایازہر
متوفی کی چار بیٹیوں میں سے ایک نے باپ کی لاش دیکھ کر زہر کھا لیا ، لیکن گاؤں کے لوگوں نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے بچایا۔ اس واقعہ کے بعد دنیش کے گھر میں سوگ پھیل گیا ہے۔ د ری گاؤں کے پولیس آفیسر اومیش کمار نے بتایا کہ 40 ہزار کے بجلی بل اور 20 ہزار جمع کروانے کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی ہے ، لیکن بجلی بل میں بہتری نہ ہونے کی وجہ سے کسان نے خود کشی کرلی۔
اہل خانہ کی جانب سے اس بارے میں کوئی تحریری درخواست نہیں دی گئی ہے۔ اس کی اہلیہ بے ہوشی کی حالت میں ہے اور دیگر بھی ماتم زدہ ہیں۔ اس وجہ سے ، ان کا بیان نہیں لیا جاسکا۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کر کے لواحقین کے حوالے کردیا ہے۔



