موسم گرما کا پھل،تربوز سے علاج-ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور
بعض اوقات جب مریض کمزور ہو تو خشکی کی وجہ سے مریض کو سانس میں تنگی ہونے لگتی ہے اس مرض کیلئے تربوز کھلانا آب حیات کا حکم رکھتا ہے۔
درد سر
سر کے درد کی بے شمار اقسام ہیں۔ تربوز watermelon گرمی کی وجہ سے ہونے والے سر درد کے لئے بے حد مفید ہے۔ گرمی کی علامات معلوم کرنے کے لئے آسان ترکیب یہ ہے کہ مریض کے سر پر ہاتھ لگانے سے گرم معلوم ہو یا دھوپ میں چلنے پھرنے یا آگ کے نزدیک بیٹھنے سے سر درد کی شکایت ہو تو یہ گرمی سے ہونے والا سر درد ہوگا۔
میٹھا شربت: تربوز کا گودا لے کر اس کو ململ کے باریک اور صاف رومال میںڈال کر نچوڑ لیں اس میں قدرے مصری شامل کر کے بوقت صبح مریض کو پلائیں ان شاء اللہ سر درد کو فائدہ ہوگا۔
لیپ کا نسخہ : تربوز کے بیج مع مغز لے کراس کو مکسی میں ڈالیں اور خوب گھوٹیں۔ یہاں تک کہ مکھن کی طرح ملائم لیپ بن جائے اس کو مریض کی پیشانی پر لیپ کریں خدا کے فضل و کرم سے چند روز میں ہی سر درد دور ہوگا۔
سر سام
سر سام کے معنی ہیں سر کا ورم، اس میں دماغ کے پردے پر ورم آکر غشی طاری ہوتی ہے، جو سرسام گرمی کی وجہ سے ہو اس کے لئے درج ذیل نسخہ استعمال میں لائیں۔تربوز کا پانی نچوڑ لیں اور اس میں اتنی مصری شامل کریں کہ مٹھاس ہوجائے مریض کو ایک پاؤ کی مقدار میں پلائیں چند بار کے استعمال سے ان شاء اللہ سر سام کو فائدہ ہوگا۔
مالیوخولیا
مالیخولیا اور جنون میں انسان اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھتا ہے اور عجیب عجیب حرکات کرنے لگتا ہے، اس کا سبب عموما ذہنی صدمہ دماغی محنت کی کثرت شراب نوشی یا جماع کی زیادتی وغیرہ ہیں۔مغز تربوز ، مغز تخم خیارین اور لعاب اسپغول برابر مقدار میں لے کر پیس لیں اور اس میں مصری شامل کر کے وقتا فوقتا مریض کو کھلاتے رہیں اس کا استعمال چند روز بعد ہی نتیجہ ظاہر کردے گا۔
وسواس و جنون
اگر مریض کو وسواس کی زیادتی کی وجہ سے جنون (پاگل پن ) کا ڈر ہو رہا ہو دن بھر طرح طرح کے خیالات ستاتے رہتے ہوں، نیند بہت کم آتی ہو تودرج ذیل نسخہ استعمال کریں اس کے متواتر استعمال اور خدا کی مہربانی سے یہ بیماری دور ہوکر مریض کی طبیعت درست ہوجاتی ہے۔
تربوز کے گودے کو نچوڑ کر نکلا ہوا پانی پاؤ بھر مصری25؍ گرام ایک سفید بوتل میں ڈال کر رات کو چاند کی روشنی میں کسی کھونٹی وغیرہ پر لٹکا دیں۔ اس کو صبح نہار منہ ہی مریض کو پلادیں۔ اسی طرح پلاتے رہیں ان شاء اللہ دماغ مقوی ہو کر دن بدن وہم مٹتا جائے گا۔مغز تخم تربوز ۱۰؍ گرام رات کو پانی میں بھگو دیں اور صبح گھوٹ کر اس میں ۲۰؍ گرام مصری اور ۳۰؍ گرام گائے کا مکھن ملا کر کھلایا کریں اگر الائچی خورد چار عدد بھی ملا لیں تو بہتر ہے اس سے بفضلہ تعالی وسواس آنے بند ہوجائیں گے۔
خشک کھانسی
خشک کھانسی میں مواد خارج نہیں ہوتا اس لئے کھانسنے کے بعد پھیپھڑے چل جاتے ہیں اور مریض کا کھانستے کھانستے برا حال ہوجاتا ہے۔ اس مرض کیلئے ایک نسخہ جو تربوز سے تیار کیا جاتا ہے درج ذیل ہے۔
لعوق تربوز
ایک پاؤ آب تربوز میں اتنی ہی چینی ڈالیں اور آگ پر چاشنی تیار کریں پھر اس میں گوند کیکر، گوند کتیرا، ست ملہٹی اور دانہ الائچی خورد ۱۰؍ ۱۰ گرام پیس کر ملا دیں اور خوب گھوٹ لیں۔ ۱۰ ؍ گرام یا ۲۰؍گرام بوقت صبح استعمال میں لائیں اگر کھانسی زیادہ شدید ہو تو صبح وشام استعمال کریں۔
اکسیر کھانسی
کھانسی کی دونوں قسموں کے لئے یہ نسخہ مفید ہے۔تربوز کا پانی ۱۰۰؍ گرام سونٹھ ساڑھے چار گرام ، شہد ۱۰؍ گرام سونٹھ کو باریک پیس کر شہد اور تربوز کے پانی میں شامل کرلیں اور خوب ملا دیں۔ ذرا نیم گرم کر کے استعمال کرائیں بفضلہ تعالی کھانسی ٹھیک ہوگی۔
سانس کی تنگی
بعض اوقات جب مریض کمزور ہو تو خشکی کی وجہ سے مریض کو سانس میں تنگی ہونے لگتی ہے اس مرض کیلئے تربوز کھلانا آب حیات کا حکم رکھتا ہے۔
تھوک میں خون آنا
تھوک میں خون آنا بہت بری بیماری ہے اس کی بہت سی وجوہات ہیں، اگر پھیپھڑے میں زخم کی وجہ سے خون آئے تو اس کو سل کہتے ہیں۔ اس کے لئے یہ نسخہ فائدہ مندہے اس کے لئے تربوز کو چھیل کر اور ٹکڑے بنا کر بدستور مربہ بنائیں۔
قئے
اگر کھانا کھانے کے بعد کلیجہ جلنے لگتاہو اور پھر قئے ہوجاتی ہو مگر قئے میں کھانا وغیرہ زردی مائل ہوکر نکلتا ہو تو اس کے لئے تربوز بہترین شے ہے ترکیب یہ ہے روزانہ صبح کے وقت۲۰۰ ؍ گرام تربوز کا پانی قدرے مصری ملا کر پی لیا کریں اس سے ان شا ء اللہ معدہ کی اصلاح ہوکر قے کی شکایت رفع ہوجائے گی۔
دل دھڑکنا
جو لوگ مہنگی دوائیاں استعمال نہیں کرسکتے ان کیلئے اللہ تعالیٰ نے بہت ساری ایسی چیزیں پیدا کر دی ہیں جو بالکل عام اور سستی ہونے کے باوجود قیمتی دواؤں سے کہیں زیادہ مفید ہیں جن میں تربوز کے بیج بھی شامل ہیں ۔
نسخہ : تربوز کا مغز، ۲۰ گرام پانی میں گھوٹ چھان کر مصری سے میٹھا کر کے سردائی کے طور پر دن میں تین مرتبہ استعمال کریں مریض کو انشاء اللہ دن بدن اس کا فائدہ معلوم ہوتاجائے گا ۔اور اس سے دل کی دھڑکن اور دل کی کمزوری کو آرام ہوگا۔۲۔ ایک پاؤ تربوز میں تھوڑی سی شکنجبین ملا لیں اور مریض کو گاہے گاہے پلاتے رہیں دل کی دھڑکن اور دل کی گرمی رفع ہوگی۔



