موسم گرما 30 اگست تک جاری رہے گا:سعودی ترجمان موسمیات
جسمانی اعضاء عطیہ کرنے والے 200 شہریوں کو شاہی تمغہ
ریاض، 19جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ موسم گرما 30 اگست تک جاری رہے گا۔اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے تصدیق کی کہ جدہ میں گرمی کی لہر میں کمی کی گردش کرنے والی معلومات غلط ہیں اور موسم گرما 30 اگست کو ختم ہو گا۔القحطانی کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت گرمی کی لہروں کے ساتھ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے پیشگوئی کی کہ نجران، جیزان اور عسیر کے علاقوں کے کچھ حصوں میں تیز ہوائیں اور ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کے بادل بننے لگے ہیں۔ اسی طرح مملکت کے مشرقی علاقوں مدینہ منورہ اور مکہ کے ساتھ جازان کے ساحلی حصے گردوغبار والی ہواؤں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے موسمیات کے قومی مرکز نے کہا تھا کہ موسم گرما کی دوسری سہ ماہی میں داخل ہو چکے ہیں اور اس کے اختتام میں 50 دن باقی ہیں۔
جسمانی اعضاء عطیہ کرنے والے 200 شہریوں کو شاہی تمغہ
ریاض، 19جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے 200 سعودی شہریوں کو جسمانی اعضاء عطیہ کرنے پر شاہ عبدالعزیز تمغہ تیسرے درجے کا دینے کی منظوری کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایوان شاہی سے ان سعودی مرد وخواتین کے ناموں کی فہرست جاری کی گئی ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں کسی قسم کا جسمانی اعضا عطیہ کیا علاوہ ازیں ان شہریوں کو بھی تمغہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جنہوں نے بعد از مرگ جسمانی اعضاء عطیہ کرنے کے لیے متعلقہ ادارے میں خود کو رجسٹر کرایا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے خون اور جسمانی اعضاء عطیہ کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف کے طورپر انہیں شاہی تمغہ دیا جاتا ہے۔جن افراد کو تمغہ دینے کی منظوری ہوتی ہے ان کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے خون کا عطیہ دینے پر دسیوں غیرملکیوں کو بھی تمغہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دمام ایئرپورٹ پر مصری طیارے میں آتشزدگی، مسافر محفوظ
ریاض ، 19جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دمام ایئرپورٹ پر مصر کی نیل ایئر کے طیارے میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ طیارے میں آگ ٹیک آف سے قبل لگی جس پر اسے فوری طورپر گراونڈ کردیا گیا۔اخبار 24 کے مطابق دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کی صبح مصر کی النیل ایئرلائن کی فلائٹ نمبر این آئی اے 232 دمام سے قاھرہ کے لیے روانہ ہو رہی تھی کہ ٹیک آف سے قبل اس میں آگ لگ گئی جس پرگراونڈ کنٹرول کے فائر فائٹنگ یونٹ نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ طیارے کے 189 مسافر اورعملے کے 8 ارکان مکمل طور پرمحفوظ ہیں جنہیں ایمرجنسی ایگزٹ کے ذریعے طیارے سے نکال لیا تھا۔انتظامیہ کی جانب سے تمام مسافروں کو متبادل پرواز کے آنے تک ہوٹل میں قیام کرایا گیا۔اس ضمن میں نیشنل ایوی ایشن سینٹر کی جانب سے واقع کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ فنی خرابی کی وجہ کا سراغ لگایا جاسکے۔



