قومی خبریں

مسئلۂ حجاب پر سپریم کورٹ کا تبصرہ: رودراکش یا کراس پہننے جانے کا موازنہ حجاب سے کیا جا سکتا

اس پر عدالت نے کہا کہ حجاب پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے، اسے صرف اسکول میں پہننا منع ہے،

نئی دہلی ، 7 ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ طالبات کے رودرراکش یا کراس(صلیب) پہننے کا حجاب سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ چیزیں کپڑوں کے اندر پہنی جاتی ہیں۔ کرناٹک حجاب کیس پر دوسرے دن کی سماعت کے دوران عدالت نے حجاب کے حامی وکیل کی دلیل پر تبصرہ کیا۔ سینئر وکیل دیودت کامت نے کہا کہ کرناٹک میں رودرکش یا کراس پہننے والی طالبات کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئی، صرف حجاب پہننے والی مسلم لڑکیوں کو روکا جا رہا ہے۔تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت میں کامت نے جنوبی افریقہ، امریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ترکی، آسٹریا جیسے ممالک میں تقریباً 1 گھنٹے تک عدالت میں کئی مقدمات کی مثالیں دیں۔

جب انہوں نے ہندوستانی آئین کے بارے میں بات شروع کی تو جسٹس ہیمنت گپتا نے جو دو ججوں کی بنچ کی صدارت کر رہے تھے، ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ آخر میں آپ ہندوستان واپس آ گئے ۔ اس کے بعد سینئر وکیل نے ذاتی آزادی کے بنیادی حق اور مذہب پر عمل کرنے کی آزادی کے حق پر بحث کی،انہوں نے سیکولرازم کا بھی حوالہ دیا۔دیو دت کامت نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت شخصی آزادی کے حق کی خلاف ورزی کی جا سکتی ہے جب یہ امن و امان یا اخلاقیات کے خلاف ہو۔ لیکن لڑکیوں کا حجاب پہننا اس میں سے کسی کے خلاف نہیں ہے۔

اس پر عدالت نے کہا کہ حجاب پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے، اسے صرف اسکول میں پہننا منع ہے، کیونکہ ہر عوامی جگہ پر ڈریس کوڈ ہوتا ہے۔ سینئر وکیل نے کہا کہ کوئی برقعہ یا جلباب پہننے کا مطالبہ نہیں کر رہا ہے اور نہ ہی یونیفارم کی مخالفت کر رہا ہے۔ صرف یہ کہا جا رہا ہے کہ لڑکیوں کو سر پر یکساں رنگ کے اسکارف پہننے کی اجازت دی جائے۔ وکیل نے سیکولرازم کو آئین کا حصہ قرار دیا۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ہم ہمیشہ سیکولر تھے، یہ لفظ 1976 میں آئین میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا تھا۔

آج کی سماعت کے اختتام پرجسٹس ہیمنت گپتا اور سدھانشو دھولیاکے بنچ نے کہا کہ اسے جمعرات کو صبح 11.30 بجے تک جاری رکھا جائے گا۔ اس سے قبل جیسے ہی آج کی سماعت شروع ہوئی، ایڈووکیٹ اعجاز مقبول نے عدالت کو بتایا کہ میں نے عدالت میں تمام 23 درخواستوں میں کہے گئے اہم نکات کا ایک مجموعہ مرتب کرایا ہے، میں نے ایک واٹس ایپ گروپ بھی بنایا ہے اور اسے وکلا کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ اس پرسالیسٹر جنرل تشار مہتا کرناٹک کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ مسائل کی درجہ بندی کی جائے اور اس کے مطابق سماعت بھی کی جائے، یہ نہیں ہو سکتا کہ اسے آئین ساز اسمبلی کی بحث کی طرح طول دیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button