قومی خبریں

سپریم کورٹ نے آسام کی ‘پش بیک’ پالیسی پر سماعت کرنے سے انکار، گوہاٹی ہائی کورٹ جانے کی ہدایت

یہ درخواست آل بی ٹی سی اقلیتی طلبہ یونین نے دائر کی تھی،

نئی دہلی، 2 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سپریم کورٹ نے آسام حکومت کی پش بیک پالیسی کے تحت 69 افراد کو بنگلہ دیش واپس بھیجنے کی کارروائی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنا مقدمہ گوہاٹی ہائی کورٹ میں پیش کریں۔

یہ درخواست آل بی ٹی سی اقلیتی طلبہ یونین نے دائر کی تھی، جس میں آسام حکومت پر سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت قانونی کارروائی کے بغیر لوگوں کو غیر ملکی شہری قرار دے کر ان کی گرفتاری اور زبردستی ملک بدر کرنے کا عمل کر رہی ہے۔ خاص طور پر سرحدی علاقوں کے غریب اور محروم بھارتی شہریوں کو بغیر کسی تفتیش یا سماعت کے گرفتار کر کے بنگلہ دیش بھیج دیا جاتا ہے۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ کسی بھی فرد کو غیر ملکی قرار دینے سے پہلے غیر ملکی ٹریبونل کی طرف سے مناسب سماعت کا حق دیا جائے۔ نیز، اپیل کے موقع کے بغیر اور وزارت خارجہ کی شہریت کی تصدیق کے بغیر کسی کو سرحد پار بھیجا نہ جائے۔

سپریم کورٹ نے اس معاملے میں فوری مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ گوہاٹی ہائی کورٹ میں سننے کے لئے زیادہ مناسب ہے۔ اس فیصلے کے بعد درخواست گزاروں کو اب اپنی قانونی جدوجہد ہائی کورٹ میں جاری رکھنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button