سپریم کورٹ نے Byjus کے خلاف دیوالیہ کیس ختم کرنے سے انکار کر دیا، تصفیہ کی منظوری نہ ہونے پر فیصلہ
(NCLAT) کے 17 اپریل کے فیصلے میں مداخلت سے انکار کر دیا۔
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سپریم کورٹ نے پیر کے روز ایجوٹیک کمپنی Byjus کے خلاف جاری دیوالیہ کارروائی کو ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے بی سی سی آئی اور ریجو رویندرن — جو کہ بائیجوز کے بانی بائیجو رویندرن کے بھائی ہیں — کی جانب سے دی گئی درخواستیں خارج کر دیں۔ ان درخواستوں میں بائیجوز اور بی سی سی آئی کے درمیان تصفیہ کو منظوری دینے کی گزارش کی گئی تھی۔جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے نیشنل کمپنی لا اپیلیٹ ٹریبونل (NCLAT) کے 17 اپریل کے فیصلے میں مداخلت سے انکار کر دیا۔
NCLAT نے کہا تھا کہ چونکہ تصفیہ کی تجویز کمیٹی آف کریڈیٹرز (CoC) کے قیام کے بعد پیش کی گئی، اس لیے انسالونسی اینڈ بینکرپسی کوڈ کے سیکشن 12A کے مطابق اس کے لیے CoC کی منظوری ضروری ہے۔فروری 2025 میں، نیشنل کمپنی لا ٹریبونل (NCLT) نے ہدایت دی تھی کہ تصفیہ کی پیشکش نئے CoC کے سامنے رکھی جائے، جس میں امریکی ادارہ گلاس ٹرسٹ بھی شامل ہے۔ گلاس ٹرسٹ ان قرض دہندگان کا نمائندہ ہے جن سے بائیجوز نے 1.2 ارب ڈالر کا قرض لیا تھا۔بائیجوز کے خلاف کارپوریٹ انسالونسی ریزولوشن پروسیس (CIRP) جولائی 2024 میں شروع کیا گیا تھا، جب NCLAT نے بی سی سی آئی کی 158.90 کروڑ روپے کی واجب الادا رقم کو قبول کر لیا تھا۔
بی سی سی آئی نے بائیجوز کے خلاف بطور آپریشنل کریڈیٹر درخواست دائر کی تھی۔بعد ازاں، بائیجوز اور بی سی سی آئی کے درمیان تصفیہ ہو گیا اور بائیجو رویندرن نے NCLAT سے رجوع کیا۔ 2 اگست 2024 کو، ٹریبونل نے بائیجوز کے خلاف دیوالیہ کارروائی کو ختم کر دیا۔ لیکن یہ فیصلہ گلاس ٹرسٹ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔اس کے بعد اُس وقت کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں بنچ نے NCLAT کے حکم کو روک دیا اور بی سی سی آئی کو ہدایت دی کہ متنازع رقم کو علیحدہ اسکرو اکاؤنٹ میں جمع کرایا جائے۔
دوسری طرف، امریکہ میں قائم بائیجوز الفا — جو کہ 1.5 ارب ڈالر قرض کی وصولی کے لیے بنایا گیا ایک خاص ادارہ ہے — نے بائیجو رویندرن، ان کی شریک بانی اور اہلیہ دیویا گوکلناتھ اور مشیر انیتا کشور پر 533 ملین ڈالر چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔یہ مقدمہ امریکی ریاست ڈیلاویئر کی بینکرپسی کورٹ کے 533 ملین ڈالر کے فیصلے کے بعد دائر کیا گیا۔ بائیجوز الفا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ افراد "بائیجوز الفا فنڈز” کو چھپانے اور چوری کرنے کی ایک غیر قانونی اسکیم میں ملوث تھے، اور ان قرض دہندگان کو دھوکہ دیا گیا جو یہ رقوم وصول کرنے کے حقدار تھے۔



