قومی خبریں

کرشنا جنم بھومی کے پاس جاری بلڈوزر کارروائی پر سپریم کورٹ کی روک

یوپی کے متھرا واقع شری کرشن جنم بھومی کے پاس ریلوے کی زمین پر چل رہی بلڈوزر کارروائی پر روک

نئی دہلی،16اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) یوپی کے متھرا واقع شری کرشن جنم بھومی کے پاس ریلوے کی زمین پر چل رہی بلڈوزر کارروائی پر روک لگ گئی ہے۔ یہ روک سپریم کورٹ نے لگائی ہے اور روک لگنے تک درجنوں گھر منہدم ہو چکے ہیں۔دراصل ریلوے کے ذریعہ غیر قانونی بستیوں کیخلاف کارروائی کی جا رہی تھی اور ابھی تک 100 سے زائد مکان توڑے گئے تھے۔ بدھ کے روز ہوئی سماعت میں سپریم کورٹ نے بلڈوزر چلانے پر اگلے 10 دن کے لیے روک لگا دی ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 7 دن بعد ہوگی۔16 اگست کو سپریم کورٹ کی 3 ججوں کی بنچ کے سامنے جب اس مسئلے کی سماعت شروع ہوئی تب عرضی دہندہ کی طرف سے اپیل کی گئی تھی کہ ریلوے نے ابھی تک یہاں 100 سے زیادہ گھروں کو توڑ دیا ہے۔

یہاں 80-70 گھر بچے ہیں لیکن اس پر فوراً روک لگنی چاہیے۔ عرضی دہندہ کی اپیل پر سپریم کورٹ نے بلڈوزر کارروائی پر 10 دن کی روک لگائی اور مرکزی و ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ اب اس مسئلہ پر 7 دن بعد جب سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی، تب حکومتوں کی دلیل سنی جائے گی۔واضح رہے کہ متھرا سے ورنداون کی ریلوے لائن براڈگیج میں تبدیل کی جا رہی ہے۔ اسی وجہ سے ریلوے یہاں غیر قانونی طور سے بسی بستی کو ہٹانے کا کام کر رہا ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ اسے 30 میٹر جگہ خالی کروانی ہے اور وہ مہینوں پہلے ہی مکان مالکوں کو نوٹس دے چکا ہے۔ نوٹس جاری کرنے کے بعد ریلوے تجاوزات ہٹانے بھی پہنچا تھا، لیکن مقامی لوگوں کے احتجاج کی وجہ سے کارروائی نہیں ہو پائی

متعلقہ خبریں

Back to top button