سویڈش: پولیس نے مسجد میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع
مسجد میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی
لندن، 27ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سویڈن میں پولیس نے گذشتہ روز ملک کے وسطی علاقے میں واقع ایک مسجد میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور کہا ہے کہ اس کی تحقیقات اس نکتے پر مرکوز ہے کہ آیا مسجد میں لگی آگ آتش زنی کا نتیجہ تھی یا نہیں۔سویڈش پولیس نے منگل کو اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ عینی شاہدین سے پوچھ تاچھ کرے گی اور اس بات کی تصدیق کرے گی کہ آیا علاقے میں سکیورٹی کیمرے موجود تھے یا نہیں۔پولیس کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اسٹاک ہوم سے 150 کلومیٹر مغرب میں ایک لاکھ آٹھ ہزار افراد کی آبادی پرمشتمل قصبے ایسکلسٹونا میں واقع ایک مسجد میں پیر کی سہ پہر کے قریب آگ بھڑک اٹھی تھی۔
اس کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔اس واقعہ میں کوئی مشتبہ شخص ہے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔مسجد کے ترجمان انس دینیشے نے اے ایف پی کو بتایا کہ آتش زدگی کے نتیجے میں مسجد قریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور کچھ بھی نہیں بچایا جا سکا ہے۔انھوں نے بتایا کہ مسجد گذشتہ ایک سال کے دوران میں تشدد کی متعدد کارروائیوں کا نشانہ بنی ہے اور ان کے اہل خانہ کوبھی دھمکیاں دی گئی ہیں۔انھوں نے واقعہ سے متعلق کہا کہ (آگ کی وجہ کے بارے میں) ابھی کوئی نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا، ہمیں پولیس کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے اور اس کی تحقیقات کا انتظار کرنا پڑے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ متعدد پہلووں سے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے لیکن اس نے مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔واضح رہے کہ ایسکلسٹونا میں 15000 سے 20000 تک مسلمان آباد ہیں۔



