اسپورٹس

پرتھوی شا کی آسام کیخلاف دھماکہ خیز بلے بازی ،46 گیندوں میں بنائی سنچری

ممبئی ، 14/اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پرتھوی شا طویل عرصے سے ٹیم انڈیا سے باہر چل رہے ہیں۔ انہیں اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑا۔ لیکن سید مشتاق علی ٹرافی 2022 کے ایک میچ میں انہوں نے آسام کے خلاف صرف 46 گیندوں میں سنچری اسکور کرڈالی۔ ممبئی کے لیے بلے بازی کرتے ہوئے پرتھوی نے اس میچ میں 19 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔آسام کے خلاف جاری میچ میں ممبئی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے۔ اس دوران پرتھوی نے بطور اوپنر اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 61 گیندوں میں 13 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 134 رنز بنائے۔ ؎

پرتھوی شا نے اس میچ میں کپتانی اننگ کھیل کر شائقین کے دل جیت لیے۔ ان کی دھواں دار بلے بازی کے سامنے آسام کے گیند بازوں کے پسینے چھوٹ گئے۔پرتھوی نے پہلے اور پانچویں اوور میں شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے پہلے ہی اوور میں لگاتار 5 چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ پانچویں اوور میں انہوں نے 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اس اوور میں انہیں 26 رنز ملے۔ پرتھوی کے ساتھ ساتھ یشسوی جیسوال نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 30 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ سرفراز خان 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جبکہ شیوم دوبے نے مختصر اور مضبوط اننگز کھیلی۔ شیوم نے 7 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 17 رنز بنائے۔کپتان مرن مودتہ آسام کے لیے سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔ انہوں نے صرف 2 اوورز میں 41 رنز دے دیئے۔ روشن عالم نے 4 اوورز میں 41 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔أحمد نے 4 اوورز میں 48 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، ریان پراگ نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button