اسپورٹس

ٹی 20 کرکٹ: بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں رقم کی تاریخ

دبئی ،04 ؍اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے تیز 7000 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ تاریخ اتوار کو پاکستان میں کھیلے جانے والے قومی ٹی 20 کپ کے ایک میچ میں رقم کی۔ 26 سالہ بابر اعظم نے گھریلو لیگ اور بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں کے رنوں کو ملا کر سب سے تیز 7000 رنز کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

اس دوران انہوں نے ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔بابر اعظم نے اتوار کو قومی ٹی 20 کپ کے ایک میچ میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔ اس دوران بابر نے اپنی 187 ویں ٹی 20 اننگز میں 7 ہزار رنز بھی مکمل کئے ۔ نیزوہ ٹی 20 کرکٹ میں سب سے تیز اس اعداد کو عبور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ کرس گیل کے نام تھا جنہوں نے 192 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ نیز ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی 212 اننگز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود تھے۔ ٹی 20 کیریئر کے اپنے ان 7000 رنز میں سے بابر نے 61 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کے لیے 2204 رنز بنائے ہیں۔ اس میں ایک سنچری اور 20 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بابر نے لیگ کرکٹ میں 84 میچوں میں 3058 رنز بنائے ہیں۔

انہوں نے یہ رنز پاکستان سپر لیگ، کیریبین پریمیئر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور انگلینڈ کے ٹورنامنٹ وائیٹے لٹی بلاسٹ میں بنائے ہیں۔واضح ر ہے کہ بابر نے ٹی 20 میں سنچری کے معاملے میں کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کوہلی نے 315 میچوں میں پانچ سنچریاں اپنے نام کی ہیں جبکہ بابر نے صرف 194 میچوں میں چھ سنچریاں اسکور کی ہیں۔

اب تک پانچ کھلاڑیوں نے ٹی 20 میں 10 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل (14275 رنز) اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ (11195 رنز) اور پاکستان کے شعیب ملک (10808 رنز) تیسرے نمبر پر ہیں۔ وراٹ کوہلی اس فہرست میں چوتھے جبکہ ڈیوڈ وارنر (10019) پانچویں نمبر پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button