
تاپسی-انوراگ کشیپ سمیت دیگر فلمی شخصیات کے خلاف آئی ٹی کی چھاپے پر سی بی ڈی ٹی کا بیان
350 کروڑ کے لین دین کاہوا انکشاف
ممبئی: (اردودنیا.اِن)محکمہ انکم ٹیکس (آئی ٹی) نے بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو اور فلمساز انوراگ کشیپ سمیت دیگر فلمی شخصیات سے وابستہ احاطے پر آج دوسرے دن بھی چھاپے ماری جاری رہی۔ انکم ٹیکس ذرائع نے بتایا کہ چھاپے کے دوران کچھ لاکرس کا پتہ چلا ہے اور ان لاکروں کو محکمہ انکم ٹیکس نے سیل کردیا ہے۔
اس کارروائی پرسینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے کہا ہے کہ عہدیدار 300 کروڑ کی مبینہ مشکوک رقم کا جواب نہیں دے سکے ہیں۔ سی بی ڈی ٹی نے بتایا کہ پانچ کروڑ کیش ٹرانزیکشن اور 20 کروڑ روپے کی بوگس لین دین کا بھی پتہ چلا ہے۔
سی بی ڈی ٹی نے بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ممبئی میں 3 مارچ کو دو اہم پروڈکشن کمپنیوں، ایک اداکارہ اور دو ٹیلنٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے احاطے میں چھاپہ مارا۔
سرچ آپریشن پونے، دہلی اور حیدرآباد میں بھی چھاپہ ماراتھا۔سی بی ڈی ٹی نے کہا کہ پروڈکشن ہاؤس کے پیداواری لین دین میں بدعنوانی سے متعلق شواہد ملے ہیں، 350 کروڑ روپے کا سراغ لگایا گیا ہے۔ اداکارہ (تاپسی پنوں) کے نام پر 5 کروڑ روپے کا نقدپرچہ برآمد ہوا ہے۔ اس کی تصدیق کی جارہی ہے۔



