ممبئی حملے کا ماسٹر مائنڈ تہور راناجلد ہوگا ہندوستان کی گرفت میں 166 لوگوں کی ہوئی تھی موت،امریکہ نے کر دیا کام آسان!
پاکستانی نژاد کینیڈین بزنس مین تہور حسین رانا Tahawwur Rana کے برے دن آ گئے
کیلیفورنیا؍نئی دہلی ، 6جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) پاکستانی نژاد کینیڈین بزنس مین تہور حسین رانا Tahawwur Rana کے برے دن آ گئے۔ بائیڈن انتظامیہ نے کیلیفورنیا کی عدالت پر زور دیا ہے کہ وہ حسین کی طرف سے دائر کی گئی ہیبیس کارپس رٹ کو مسترد کرے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ اسے ہندوستان بھیجا جانا چاہیے۔ تہور حسین کا تعلق 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں سے ہے، اسی لیے بھارت امریکہ سے اسے جلد بھیجنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔امریکی عدالت نے مئی میں رانا کی بھارت حوالگی کی منظوری دی تھی۔ رانا اس وقت لاس اینجلس کے میٹروپولیٹن حراستی مرکز میں نظر بند ہیں۔ رانا (62) نے اپنے وکیل کے ذریعے ہیبیس کارپس کی درخواست دائر کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت کی طرف سے اپنی حوالگی کو چیلنج کیا تھا۔ رانا کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے، امریکی اٹارنی ایسٹراڈا نے کہا کہ درخواست گزار یہ ظاہر کرنے سے قاصر رہا ہے کہ ہندوستان کی حوالگی کی درخواست میں ممکنہ وجہ کے کافی ثبوت نہیں ہیں۔
رانا کے وکیل نے حوالگی کی درخواست کے معاہدے کے تحت اس کی مخالفت کی۔
ان کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ رانا کی حوالگی غیر قانونی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ 10 جون 2020 کو بھارت نے حوالگی کے لیے رانا کی عارضی گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے رانا کی بھارت حوالگی کی حمایت اور منظوری دی تھی۔ اس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ہندوستان میں، نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کے دہشت گردوں کے ذریعہ 26 نومبر 2008 کے ممبئی حملوں میں رانا کے کردار کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ان حملوں کے دوران اجمل قصاب نامی ایک دہشت گرد زندہ پکڑا گیا، جسے 21 نومبر 2012 کو ممبئی میں پھانسی دے گئی تھی، باقی دہشت گرد حملوں کے دوران سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔ ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں چھ امریکی شہریوں سمیت کل 166 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔



