
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فزیکل کلاسیس کے ایک طویل وقفہ کے بعد ریاست تلنگانہ میں یکم ستمبر کو اسکولس کی دوبارہ کشادگی کے بعد طلبہ کی حاضری کم دیکھی جارہی ہے ۔ تاہم اسکولس کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ آف لائن کلاسیس میں شرکت کے لیے طلبہ کو مجبور نہ کیا جائے ۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر حکومت نے اس بات کو بھی اسکولس مرضی پر چھوڑ دیا کہ آیا وہ آف لائن کلاسیس یا آن لائن کلاسیس یا دونوں منعقد کرنے کا اپنے طور پر فیصلہ کریں ۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ہفتہ کو جاری کئے گئے سال 2021-22 کے لیے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق دسہرہ کی تعطیلات کے لیے 6 تا 17 اکٹوبر بارہ دن دئیے گئے ہیں ۔
اس کیلنڈر میں مشنری اسکولس کے لیے 22 تا 28 دسمبر سات دن کرسمس کی تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا ہے جب کہ سنکرانتی کی تعطیلات آئندہ سال 11 جنوری سے 6 دن تک ہوں گی ۔ تعلیمی سال 2021-22 کے لیے کام کا آخری دن 23 اپریل 2022 ہوگا ۔
ورکنگ ڈیز کی جملہ تعداد 213 ( 47 ورچول موڈ اور 166 فزیکل موڈ ) کے ساتھ گرمائی تعطیلات 24 اپریل تا 12 جون ہوں گے ۔ اسکول ایجوکیشن سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے کہا ہے کہ یکم ستمبر کو دوبارہ کشادگی کے بعد تعلیمی سال 2021-22 میں تمام اسکولس 213 دن کام کریں گے ۔
47 دن ورچول تدریس اور 166 دن فزیکل کلاسیس منعقد کریں گے ۔ ایس ایس سی کے طلبہ کے لیے نصاب آئندہ سال 10 جنوری تک مکمل کرنا ہوگا اور اس کے بعد ٹیچرس کو ریویژن پر توجہ دینی چاہئے ۔ پری فائنل امتحانات 28 فروری 2022 سے منعقد کئے جانے چاہئے ۔ دوسری کلاسیس کے لیے نصاب 28 فروری 2022 تک مکمل کرنا ہوگا ۔ ٹیچرس کو مارچ میں ریویژن کلاسیس ، ریمیڈئیل تدریس اور طلبہ کو سمیٹیو اسسمنٹ ٹسٹ (SA) ایس اے 2 کے لیے تیار کرنے پر توجہ دینی ہوگی ۔
فارمیٹیو اسسمنٹ ٹسٹ ۔ 1 ( FA ) تمام کلاسیس کے طلبہ بشمول ایس ایس سی کے لیے 5 اکٹوبر کو منعقد ہوگا جب کہ پہلا سمیٹیو اسسمنٹ تمام کلاسیس کے لیے یکم تا 12 دسمبر منعقد ہوگا ۔ نوین جماعت تک کے لیے FA2 ، 28 فروری کو منعقد کیا جائے گا جب کہ ایس ایس سی کے لیے FA2 کا انعقاد 31 جنوری تک پورا ہوجانا چاہئے ۔ نویں جماعت تک کی کلاسیس کے لیے SA2 ، 4 تا 18 اپریل منعقد کیا جائے گا ۔ ورچول طریقہ تدریس جس کا یکم جولائی کو آغاز ہوا تھا ، 31 اگست تک جاری رہے گی ۔ یکم ستمبر کو شروع ہوئے فزیکل کلاسیس 23 اپریل تک جاری رہیں گے ۔
ریاست میں ہائی اسکولس کے اوقات کار صبح 9-30 تا 4-45 بجے شام ہوں گے جب کہ دونوں شہروں کے اسکولس میں یہ صبح 8-45 تا 4 بجے شام ہوں گے ۔ ریاست میں کہیں اور اپرپرائمری اسکولس کے اوقات کار صبح 9 تا 4-15 بجے شام ہوں گے ۔ جب کہ یہ دونوں شہروں میں صبح 8-45 تا 4 بجے شام کام کریں گے ۔ تمام پرائمری اسکولس اور اپرپرائمری اسکولس کے پرائمری سیکشنس صبح 9 تا 4 بجے شام کام کریں گے ۔
تعلیمی کیلنڈر میں بال سبھاش ، کوئز پروگرامس ، سوچھ اسکولس ، یوم تاسیس تلنگانہ ، تلنگانہ بھاشا دنتسوم ، نیشنل میاتھمیٹکس ڈے ، اسکول اینول ڈے ، انٹرنیشنل مدر لینگویج ڈے اور نیشنل سائنس ڈے منانے کا بھی تذکرہ ہے ۔



