تلنگانہ کی خبریںسرورق

تلنگانہ : وزیر اعلیٰ رہائش کے باہر چلا بلڈوزر،نئے سی ایم ریڈی نے پورا کیا اپنا وعدہ

تلنگانہ:وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور گیارہ وزیروں کی حلف برداری

حیدرآباد،7دسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ کو آج نیا وزیر اعلیٰ مل گیا۔ کانگریس کے ریونت ریڈی نے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی جیسی اہم شخصیتوں کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس جنوبی ہند کی دو ریاستوں میں برسراقتدار ہو گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے ریونت ریڈی نے عوام سے کیا گیا ایک اہم وعدہ پورا کیا۔ دراصل حلف برداری سے پہلے پرگتی بھون (وزیر اعلیٰ رہائش) کے پاس لگی لوہے کی باڑ کو بلڈوزر کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔سوشل میڈیا پر کئی ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ عوام کی رسائی اور گاڑیوں کی آمد و رفت آسان بنانے کے لیے پرگتی بھون کے سامنے لگے لوہے کے بیریکیڈ ہٹا دیئے گئے ہیں۔ رکن اسمبلی داناساری سیتاکا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ پرگتی بھون میں شیڈ اور گرل کو ہٹا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پرگتی بھون کے دروازے عوام کے لیے کھلے رہیں گے۔ اس کا نام بدل کر ’ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پرجا بھون‘ رکھا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی پرگتی بھون کا نام بدلنے سے متعلق بھی کارروائی ہوگی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پرگتی بھون کی تعمیر تقریباً 50 کروڑ روپے کے خرچ سے ہوئی تھی۔ 2022 میں ایک آر ٹی آئی سے اس بات کا انکشاف ہوا تھا۔ سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے 2016 میں شہر کے وسط میں یہ عمارت بنوائی تھی۔اسے آفیسرس کالونی میں 10 آئی اے ایس افسران کے کوارٹر اور 24 چپراسی کوارٹرس کو منہدم کرنے کے بعد بنایا گیا تھا۔


تلنگانہ:وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور گیارہ وزیروں کی حلف برداری

حیدرآباد،7دسمبر(آئی این ایس انڈیا ) تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کے رہنما انمولا ریونت ریڈی نے ریاست کے دوسرے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا ہے۔ریونت ریڈی کے ساتھ 11 ایم ایل اے نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔ چھپن سالہ لیڈر کی حلف برداری کی تقریب بہت بڑے لال بہادر شاستری اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔حلف برداری کی تقریب میں کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی صدر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے سابق صدر راہل گاندھی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار شامل ہوئے۔

حلف برداری کے پروگرام میں تقریباً ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔گورنر تملائی ساؤنڈرراجن نے ریونت ریڈی کو حلف دلایا۔ ل ملو بھٹی وکرمارکا نے ریونت ریڈی کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ ان کے علاوہ گیارہ ممبران اسمبلی نے کابینہ کے وزراء کے طور پر حلف لیا ہے۔ریونت ریڈی ایک کھلی جیپ میں حلف برداری کی تقریب میں پہنچے، جسے پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ ریونت ریڈی نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے عوام کو کھلی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آج ایک عوامی حکومت اقتدار سنبھالے گی، جو جمہوری اور شفاف نظم و نسق کو اہمیت دے گی۔حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 119 میں سے 64 سیٹیں جیت کر بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کو شکست دی ہے۔ اب ریونت ریڈی کو کانگریس کی طرف سے دی گئی 6 ‘انتخابی ضمانتوں’ کو پورا کرنے کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button